ہند و پاک سرحد پر اعتماد سازی اقدامات - 15 دنوں میں عمل آوری متوقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-14

ہند و پاک سرحد پر اعتماد سازی اقدامات - 15 دنوں میں عمل آوری متوقع

نئی دہلی
پی ٹی آئی
بارڈر سیکوریٹی فورس اور پاکستان رینجرس کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور سرحد پار فائرنگ کے واقعات کو ختم کرنے کے لئے باہمی رضامندی پر اعتماد سازی کے تازہ اقدامات توقع ہے کہ آئندہ15دن میں نافذ کئے جائیں گے ۔ ڈائرکٹر جنرل کی سطح پر سہ روزہ بات چیت کے دوران یہاں دونوں فریق موبائل فونس ، فیاکس اور ای میل جیسے تیز مواصلاتی ذرائع اختیار کرتے ہوئے آپسی رابطہ کی چینلوں میں اضافہ کا فیصلہ کیے اور اس بات کا تیقن کیے کہ بین الاقوامی سرحد پر کسی مشتبہ حرکت کا پتہ چلنے پر انتباہی روشنی کے فائر کے ذریعہ سرحد پار فریق کو چوکس کیاجائے ۔ ان واقعات سے واقف ذرائع نے بتایا کہ20نکاتی مشترکہ ریکارڈ پر بات چیت میں نئے اعتماد سازی اقدامات کو شامل کیا گیا اور دیگر نکات پر باہمی رضا مندی ظاہر کی گئی کہ آئندہ15دنوں کے دوران اس پر عمل کیاجائے گا۔ ان اقدامات پر دونوں جانب کی حکومتوں سے اجازت درکار نہیں ہوگی اور انہیں دونوں ملک کی افواج امن کے اہم ایجنڈا، خیر سگالی اور سرحد پر بسنے والوں کی سلامتی کو خیال میں رکھتے ہوئے نافذ کریں گے ۔ ذرائع نے کہا کہ موبائل فون نمبرات کا دونوں جانب سے تبادلہ کے لئے طریقہ کار تیار کیاجانا چاہئے ۔ کیونکہ سرحدی مقامات سے بین الاقوامی کال پر امتناع ہے اس لئے اس غرض سے ایک میکانزم تیار کرنا ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ انتباہی فائر کا رنگ جیسی بنیادی تفصیلات بھی تیار کی جانی ہوں گی اور انہیں آئندہ15دنوں کے دوران ایک دوسرے کو مطلع کیاجانا ہوگا ، تاکہ ڈائرکٹر جنرل سطح پر کی گئی بات چیت کے دوران کئے گئے فیصلوں کو عملی جامہ پہنایاجاسکے ۔ بیس نکاتی مشترکہ ریکارڈ پر بارڈر سیکوریٹی فورس کے ڈائرکٹر جنرل ڈی کے پاٹھک اور پاکستان رینجرس کے ڈائرکٹر جنرل، میجر جنرل عمر فاروق برکی نے کل یہاں دستخط کی۔ پاکستانی رینجرس کا وفد سرکاری تقریب کے ختم ہونے کے بعد اٹاری۔ واگھا بری سرحد کے ذریعہ کل شام ملک واپس ہوا ۔ سرحد پر امن قائم کرنے کی کوششوں کے ایک حصہ کے طور پر ہندوستان اور پاکستان نے کل یہ بھی فیصلہ کیا کہ جموں و کشمیر میں بین الاقوامی سرحد کے ساتھ مارٹر شل فائرنگ پر مکمل امتناع عائد کیاجائے، جس میں حالیہ دنوں کے دوران کئی شہریوں کی جانیں ضائع ہوئیں اور ان کے مکانات کو نقصان پہنچا۔ دونوں فریقین نے کہا کہ بات چیت خیر سگالی اور تعمیری ماحول میں منعقد کی گئی ، تاہم ثقافتی اور اسپورٹس کی سر گرمیوں کے تبادلہ کے لئے اعتماد سازی کے اقدامات کے بارے میں بی ایس ایف کی تجویز فی الوقت زیر التوا رکھی گئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ ان تجاویز پر آئندہ سال کے وسط میں بی ایس ایف کے وفد کے دورہ پاکستان کے دوران غور کیاجائے گا۔

Indo-Pak border CBMs to be implemented in 15 days

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں