کانگریس نے 50 برسوں میں غریبوں کے لئے کچھ نہیں کیا - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-19

کانگریس نے 50 برسوں میں غریبوں کے لئے کچھ نہیں کیا - وزیراعظم مودی

وارانسی
پی ٹی آئی، یو این آئی
کانگریس کے غریبی ہٹاؤ نعرے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ جو غریبوں کی زندگی میں حقیقی تبدیلی نہیں لاسکتے اور گزشتہ پچاس برسوں کے دوران ان کے بینک کھاتے نہیں کھول سکتے انہیں ان کی حکومت پر سوال کرنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔نریندر مودی نے غریبوں سے اپنے بچوں کو تعلیم دلانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی غریبی کو ختم کرنے کا سب سے موثر ہتھیار ہے ۔ مودی نے آج یہاں کنٹورنمنٹ علاقہ کے ملٹی پرپز گراؤنڈ پر101ای رکشہ اور301پیڈل رکشہ تقسیم کرنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولاد کو تعلیم دے کر غربت سے جنگ جیتی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے بچوں کی تعلیم سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہئے ۔ اس کے لئے کچھ بھی قربان کرنا پڑے تو تیار رہنا چاہئے ۔ انہوں نے کانگریس یا کسی پارٹی کا نام لئے بغیر تنقید کی کہ آزادی کے بعد سے ہی غریبی مٹاؤ کا نعرہ دئیے جانے کے باوجود غریبی ختم نہیں ہوئی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ غریبی ختم کرنے کی سمت میں کئے جارہے اقدامات سے غریبوں کو اب خراب حالت میں رہنے کی نوبت نہیں آئے گی ۔ پردھان منتری جن دھن یوجنا کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ غریبوں نے اس منصوبہ کے تحت18کروڑ اکاؤنٹ کھول کر اس میں30ہزار کروڑ روپے سے زیادہ جمع کرائے ہیں ۔ غریبوں کو بچت کی عاد ت پڑ جائے گی تو ان کی زندگی میں تبدیلی آنا شروع ہوجائے گی انہوں نے کہا کہ پچاس برسوں میں جن لوگوں نے کبھی اکاؤنٹ کھلوانے کی پرواہ نہیں کی وہ آج کھاتوں کے استعمال کا حساب مانگ رہے ہیں ۔ پچا س سال میں اگر غریبوں کے اکاؤنٹ کھلے ہوتے تو آج غریبوں کے حالات مختلف ہوتے۔انہوں نے کہا کہ کتنا مضحکہ خیز ہے کہ بینکوں کو قومیائے جانے کے چالیس پچاس سال گزر جانے کے باوجود غریبوں کے لئے بینکوں کے دروازے نہیں کھلے تھے ، لیکن اب صورتحال میں تبدیلی آئی ہے اور جن دھن یوجنا کے ذڑیعہ غریب بینکوں تک پہنچ گیا ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ غریب کی زندگی میں جس طرح سے تبدیلی آنی چاہئے تھی وہ نہیں آئی ۔ وہ اس کے لئے کسی پارٹی یا حکومت کو قصور وار نہیں ٹھہرانا چاہتے لیکن نئے سرے سے غریبوں کے کاروبار کے لئے کام پر توجہ کرنا چاہتے ہیں ۔ غریب محنت کر کے غربت سے باہر نکلنا چاہتا ہے۔ اپنے بچوں کو عزت کی زندگی دینا چاہتا ہے ۔ ضرورت اس کو آگے بڑھانے کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مزدورں اور ہنر مندوں کو اقتصادی نقطہ نظر سے مضبوط بنانے کے لئے مہارت کو فروغ(اسکل ڈیولپمنٹ) پر زور دیاجارہا ہے ۔ اس سے مزدورنہ صرف اپنی اقتصادی حالت ٹھیک کرسکے گا بلکہ ملک کی معیشت میں اس کی حصہ داری بڑھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت اسی طرح چھوٹی چھوٹی چیزیں تیار کرکے غریبوں کی اقتصادی اور سماجی حالت بہتر بنانے کی کوشش میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشی مذہبی شہر ہے یہ بڑا سیاحتی مقام بھی ہے ۔ یہاں دنیا کے لوگ آتے ہیں اور ان کا سابقہ سب سے پہلے رکشے والے سے ہی پڑتا ہے ۔ اس کے رویہ سے ہی شہر کی عزت اور وقار بڑھتا ہے ۔ مودی نے کہا کہ تبدیل ہوتے ہوئے دور کے مطابق ای رکشہ میں کافی چیزیں ہیں ۔ جنہیں آج یہ ملا ہے وہ کبھی رکشے کے مالک نہیں تھے ۔ رکشے والے اب گائیڈ کا کردار بھی ادا کرسکیں گے ۔ ان کا دعویٰ تھا کہ کاشی کے اندر ایک رفتار آنے والی ہے ۔ شہر کی تازہ ترین شناخت بننے والی ہے ۔ ان کی کوشش ہے کہ کاشی کی اقتصادی ترقی میں غریب سے غریب بھی شراکت دار رہے ۔ اس سے قبل مودی نے رکشا بندھن کے تہوار پر یہاں سے کافی تعداد میں پہنچیں راکھیوں کے لئے یہاں کی ماں بہنوں کا شکریہ ادا کیا ۔ فوج کے خصوصی طیارے سے یہاں پہنچے مودی کا بابت پور ہوائی اڈے پر گورنر رام نائک اور چیف منسٹر اکھلیش یادو نے استقبال کیا۔ ہوائی اڈے پر وزیر اعظم کا استقبال کرنے کے بعد یادو واپس لکھنو واپس چلے گئے جب کہ مودی کے ساتھ ای رکشہ تقسیم تقریب میں صوبہ کے جیل کے وزیر بلرام یادو موجود رہے۔

I'll do in 50 months what others couldn't do in 50 years: Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں