ڈیجیٹل انڈیا ہندوستان کی تقدیر بدلنے والا پروگرام - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-28

ڈیجیٹل انڈیا ہندوستان کی تقدیر بدلنے والا پروگرام - وزیراعظم مودی

سانجور(کیلیفورنیا)
پی ٹی آئی، یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے ڈیجیٹل انڈیا کو ہندوستان کی تقدیر بدنے والا پروگرام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں جامع ترقی کی وسیع صلاحیت موجود ہے ۔ مودی نے سلیکان ویلی میں کمپنی سربراہان کی طرف سے دئیے گئے عشائیہ میں کہا کہ آج کے ڈیجیٹل دور میں لوگو ں کا معیار زندگی تبدیل کرنے کے کافی مواقع موجود ہیں ۔ ان کی حکومت کا ڈیجیٹل انڈیا پروگرام ہندوستان کی تقدیر بدلنے والا آلہ ثابت ہوگا ۔ وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ ان کی حکومت ہندوستان بھر میں مزید عوامی مقامات کو وائی فائی بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔جن میں500ریلوے اسٹیشن شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ چھ لاکھ دیہاتوں تک براڈ بینڈ کی سہولت پہنچانے کے لئے نیشنل آپیٹیکل فائبرنٹ ورک کو بھی توسیع دی جارہی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ایسا پروگرام ہے جس کی مثال دنیا میں بہت کم ملتی ہے اور جس میں جامع ترقی کی وسیع صلاحیت ہے ۔ وہ گزشتہ تین دہوں میں سلیکان ویلی کا دورہ کرنے والے پہلے ہندوستانی وزیر اعظم ہیں ۔ انہوں نے کاغذ سے پاک دفتری کام کو حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت چاہتی ہے کہ ملک کے زیادہ سے زیادہ دفاتر میں کاغذ کا استعمال بند ہوجائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بغیر کاغذ کے استعمال والا لین دین چاہتے ہیں ۔ ہم ہر شہری کے لئے ڈیجیٹل لاکر بنائیں گے ، جس میں وہ اپنے ذاتی دستاویزات رکھ سکیں گے ۔ اور جنہیں وہ مختلف محکموں کے ساتھ آسانی سے شیئر کرسکیں ۔ مودی نے ڈیجیٹل انڈیا کے لئے کی جانے والی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جس تیز رفتاری سے لوگ ڈیجیٹل ٹکنالوجی کو ہاتھوں ہاتھ لے رہے ہیں ، اس نے عمر، تعلیم، زبان اور آمدنی کی تمام حدیں توڑ دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں ٹیکنالوجی کو با اختیار بنانے کا ایک ذریعہ مانتا ہوں ، جس سے امیدوں اور مواقع کے درمیان فاصلہ کم کیاجاسکتا ہے ۔ اس فرق کو دور کئے بغیر ڈیجیٹل انڈیا پروگرام اپنا ہدف حاصل نہیں کرسکتا ۔ انہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ظاہر کی کہ ٹیکنالوجی تک سب کی پہنچ ہو، یہ سستی ہو اور اس سے ہماری زندگی میں نئے راستے کھلیں ۔ وزیر اعظم نے موجودہ حکومت کی براڈ بینڈ رابطہ بڑھائے جانے کے لئے کی جانے والی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ہندوستان کی سوارب آبادی ڈیجیٹل پروگراموں سے وابستہ ہو۔ ان کی یہ بھی خواہش ہے کہ بڑے کارپوریٹ گھرانوں سے لے کر نوجوان پروفیشنل تک اس کا حصہ بنیں۔ مودی نے ہائی۔ وے( شاہراہ) کی طرح ہی آئی اے (انٹر نیٹ راستے) بنانے کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے پورے ملک میں نیشنل آپیٹکل فائبر نیٹ ورک کی وسیع توسیع کا پروگرام شروع کیا ہے، تاکہ تقریبا چھ لاکھ گاؤں کو براڈ بینڈ سے جوڑا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا منصوبہ ملک کے تمام اسکولوں اور کالجوں کو براڈبینڈ سے منسلک کرنا ہے ۔ آئی وے کی تعمی شاہراہ کی تعمیر کی طرح ہی اہم ہے ۔ ہم عوامی مقامات پر وائی فائی سہولت کو توسیع دے رہے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم گاؤں اور شہروں میں بھی عوامی خدمت کے مرکز بھی قائم کررہے ہیں۔
ہم اسمارٹ سٹی کی تعمیر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل انڈیا پرگرام سے تعلیم، اطلاعات، ہنر مندی اور صحت ، ذریعہ معاش، مالیاتی شمولیت چھوٹے اور دیہی انٹر پرائزز، خواتین کے لئے مواقع ، قومی وسائل کے تحفظ ، سوچھ توانائی کی تقسیم وغیرہ کئی شعبوں میں نئے امکانات سامنے آئے ہیں جو ترقی کی رفتار تبدیل کرسکتے ہیں ۔ وزیراعظم نے معلومات سے متعلق مواد کو مقامی زبانوں میں دستیاب کرانے کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے گاؤں ، اسمارٹ اقتصادی مراکز میں تبدیل ہوجائیں تاکہ ہمارے کسان مارکیٹ سے بہتر طریقے سے جڑ سکیں اور خو د کو موسم کے نقصان سے بچا سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے لئے ڈیجیٹل مواد کی آسان دستیابی کا مطلب ہے مقامی زبانوں میں بھی موضوعات کے مواد کی دستیابی جس ملک میں22سرکاری زبانین ہوں، اس کے لئے یہ ہدف مشکل تو ہے لیکن اتنا ہی اہم بھی ہے ۔ مودی نے کفایتی مصنوعات اور خدمات کو کامیابی کا اصل بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے کئی پہلو ہیں۔ لہذا ہمارے پاس نئے راستے بنانے کے مواقع بھی موجود ہیں ۔ اس کی کامیابی کے لئے ہمارے پاس صلاحیت ، وسائل اور ہنر مندی بھی موجود ہے ۔ اس موقع پر ایڈوب کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر( سی ای او) شانتا نونارائج، مائیکرو سافٹ کے سی ای اوستیہ نڈیلا اور کوالکوم کے اکزیکٹیو پال جیکب جیسی شخصیتیں موجود تھیں۔

پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ہندوستان کی معیشت کو20ٹریلین ڈالر تک پہنچانا ان کا خواب ہے ۔ اس وقت ہندوستانی معیشت8ٹریلین ڈالر ہے ۔ مودی نے یہ بات فیس بک کے سربراہ مارک زوکر برگ سے ملاقات کے دوران کہی ۔ زوکر برگ نے بھی ڈیجیٹل انڈیا مہم میں حصہ لینے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے فیس بک پر اپنے پروفائل کو ہندوستانی پرچم کے ساتھ ہم آہنگ کیا ہے ۔انہوں نے مودی حکومت کے اقدامات کی ستائش کی۔ انہوں نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر لکھا کہ وہ مودی حکومت کی جانب سے دیہی علاقوں کو انٹر نیٹ سے جوڑنے کی مہم کی ستائش کرتے ہیں اور اپنے فالوورس سے انہوں نے خواہش کی کہ وہ بھی مودی حکومت کے ڈیجیٹل انڈیا پروگرام کی تائید کریں ۔

'Digital India', an Enterprise to Transform India: PM Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں