تلنگانہ میں ایک ہزار کروڑ روپے کی چینی سرمایہ کاری کی توقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-09

تلنگانہ میں ایک ہزار کروڑ روپے کی چینی سرمایہ کاری کی توقع

حیدرآباد
اعتماد نیوز
صدر چائنا کونسل آف پروموشن آف انٹر نیشنل ٹریڈ جیندے ای نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مطلع کیا ہے کہ شین ژین کی کمپنیاں بیرونی مارکٹس میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں اور وہ بیرونی ممالک بشمول ہندوستان میں موقعوں کو تلاش کررہی ہیں ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ فی الوقت عالمی معاشی فورم کے اجلاس میں شرکت کے لئے چین کے دورے پر ہیں ، یہ اجلاس ڈالیان میں9 ستمبر کو منعقد ہونے والا ہے ۔ چیف منسٹر ، چین کے دوسرے بڑے شہروں کے بھی دورے کرتے ہوئے تلنگانہ میں سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے سرمایہ کاروں کو راغب کریں گے ۔ جیندے اے نے چیف منسٹر کو موسومہ مکتوب میں ان سے خواہش کی کہ وہ14ستمبر کو اپنے وفد کے ساتھ شین ژین کا دورہ کریں، جس کے دوران تجارت اور سرمایہ کاری کے باہمی امور پر آرا کا تبادلہ خیال کیاجا ئے گا۔ اس دوران صدر نشین لیو گروپ آف کمپنیز لیو وانگ نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کیا ور ہیوی ڈیوٹی پمپس کی تیاری میں تلنگانہ میں سرمایہ کاری سے متعلق کمپنی کی دلچسپی ظاہر کی۔ یہ کمپنی توقع ہے کہ تلنگانہ میں ایک ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گی۔ ریاست لیوننگ میں واقع تقریبا30کمپنیوں کے چیف اگزیکٹیو آفیسرس نے بھی اپنے وفود کے ساتھ چیف منسٹر سے ملاقات کی اور آراء کا تبادلہ کیا۔ بات چیت کے دوران تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے امور بھی زیر بحث آئے ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے آج چین کے دورہ کے موقع پر ڈالیان سٹی میں ہندوستانی سفیر اشوک کانتا سے ملاقات کی ۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزیر صنعت جے کرشنا راؤ ، رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشور راؤ اور اعلیٰ عہدہ دار موجود تھے ۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے اشوک کانتا کو تلنگانہ ریاست کی نئی صنعتی پالیسی سے واقف کروایا ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ ریاست سرمایہ کاری کے لئے انتہائی موزوں مقام ہے ۔ صنعتوں کے لئے حکومت نے1.5ایکر اراضی مختص کرنے تیار ہے ۔ بعد ازاں انہوں نے این آر آئیز اور سرمایہ کاروں سے ملاقات کی ۔ چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ کی صنعتی پالیسی سے انہیں واقف کروایا اور ریاست میں سرمای کاری کی دعوت دی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری پر تمام طرح کی منظوریاں ریاستی حکومت صرف15دن میں دیتے ہوئے سرمایہ کاری کرنے والوں کو سہولتیں پہنچائیں گی ۔ چندر شیکھر راؤ دس دنون تک چین اور ہانگ کانگ کے دورہ کے دوران مختلف اداروں کے سربراہوں سے ملاقات کریں گے ۔ چیف منسٹر کے ہمراہ وزرا کے تارک راما راؤ ، جوپلی کرشنا راؤ، جگدیشور ریڈی، اسپیکر اسمبلی مدھو سدن چاری، کونسل صدر نشین سوامی گوڑ کے علاوہ اعلیٰ عہدہ دار چین روانہ ہوئے ۔

Chinese firm to invest Rs 1000cr in Telangana

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں