بیف امتناع - پی ڈی پی اور بی جے پی میں اختلافات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-23

بیف امتناع - پی ڈی پی اور بی جے پی میں اختلافات

سری نگر
پی ٹی آئی
جموں و کشمیر میں بیف پر امتناع کے مسئلہ پر حکمراں اتحاد کے شراکت داروں میں ٹھن گئی ہے اور پی ڈی پی کا کہنا ہے کہ اس امتناع کو قبول نہیں کیاجاسکتا ۔ جب کہ بی جے پی150سال قدیم امتناعی قانون پر سختی سے عمل آوری پر زور دے رہی ہے ۔ پی ڈی پی کا کہنا ہے کہ امتناع کے نفاذ کے لئے ہائی کورٹ کی ہدایت کے باوجود ریاست میں بیف کا استعمال جاری رہے گا جب کہ بی جے پی کا کہنا ہے کہ وسیع تر عوامی مفاد میں کسی اشتعال انگیزی کے بغیر ہندوؤں کے مذہبی جذبات کا احترام کیاجانا چاہئے ۔ پی ڈی پی قائد پیر منصور نے بتایا کہ کوئی بھی مذہبی آزادی کو کچل نہیں سکتا ۔ اگر کسی مذہب میں کوئی چیز حلال ہو تو اس پر امتناع کیوں ہونا چاہئے۔ سپریم کورٹ نے اپنے ایک حالیہ فیصلہ میں بھی کہا ہے کہ گوشت پر امتناع کو عوام پر مسلط نہیں کیاجاسکتا۔ آپ عوام کے مذہبی جذبات کے ساتھ ایسا نہیں کرسکتے ۔ منصور نے جو پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے سیاسی مشیر بھی ہیں، کہا کہ ہندوستان اپنی جمہوریت کے لئے دنیا بھر میں جانا جاتا ہے اور عوام کو اپ نے مذہبی عقائد پر عمل آوری کا حاصل ہے ۔ دیگر ریاستوں جیسے اتر پردیش میں کوئی امتناع نہیں ہے تو پھر یہاں کیوں امتناع عائد کیا جائے ۔ عوام ہر وہ چیز کھاسکتے ہیں جس کی ان کا مذہب اجازت دیتا ہے ۔ ہمارے چییف منسٹر( مفتی محمد سعید) اور پارٹی صدر بھی چاہیں اور اگر ان کی صحت اجازت دے تو وہ بیف کھاسکتے ہیں ۔ اس چیز کی جب ان کے مذہب میں اجازت ہے تو انہیں کیوں اس کا استعمال نہیں کرنا چاہئے ۔ منصور نے کہا کہ پی ڈی پی چند اصولوں پر مبنی جماعت ہے اور وہ کبھی ان پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے مشرکہ اقل ترین پروگرام کی بناید پر ریاست میں حکمرانی کے لئے بی جے پی کے ساتھ مشترکہ حکومت تشکیل دی ہے ۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ دونوں شراکت داروں کے نظریات کا انضمام ہوا ہے ۔ ہمارے اپنے نظریات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔

Beef ban issue creates divide between PDP & BJP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں