بی سی سی آئی سربراہ جگموہن ڈالمیا چل بسے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-21

بی سی سی آئی سربراہ جگموہن ڈالمیا چل بسے

کولکتہ
پی ٹی آئی
ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ(بی سی سی آئی) کے صدر جگموہن ڈالمیا ، اتوار کی شام 9بجے اس دنیا فانی سے کوچ کرگئے ، ہسپتال ذرائع نے یہ بات بتائی۔ انہیں تین دن قبل قلب میں درد کی شکایت پر ہسپتال شریک کیا گیا تھا ۔75سالہ ڈالمیا کو شہر کے بی ایم برلا ہسپتال میں جمعرات کی شام ایک بڑے قلبی حملہ کے بعد شریک کیا گیا تھا ۔ بعد ازاں ان کی انجیو گرافی کی گئی۔ ہسپتالی ذرائع کے مطابق معدہ کے اندر ون سے خون بہہ جانے اور داخلی اعضا کی ناکامی کی بنا پر ان کا انتقال ہوا ۔ کرکٹ اسوسی ایشن آف بنگال کے ذرائع نے بتایا کہ شام چھ بجے ان کی حالت انتہائی تشویشناک ہوگئی اور ا س کے کچھ لمحوں بعد سخت قلبی حملہ سے وہ جانبر نہ ہوسکے۔ گزشتہ کچھ وقت سے ان کی صحت بہتر نہیں تھی جس کی بنا پر وہ بی سی سی آئی کی یومیہ کار کردگیوں میں کار کرد حصہ نہیں لے پارہے تھے ۔ دس سال کے طویل عرصہ بعد مارچ میں انہوں نے بی سی سی آئی کے عہدہ صدارت کی ذمہ داری سنبھالی تھی تاہم وہ اسکے بعد سے مسلسل بیمار رہے اور گزشتہ چند ہفتوں سے ان کی حالت مزید ابتر ہوگئی تھی ۔ ذرائع کے مطابق، بی سی سی آئی سکریٹری انوراگ ٹھاکر اور آئی پی ایل چیر مین راجیو شکلا آج یہاں پہنچنے والے ہیں ۔ دریں اثناء مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اتوار کے دن ڈالمیا کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ممتاز کرکٹ منتظم کی پورے سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری رسومات ادا کی جائیں گی ۔ ان کی آخری رسومات پیر کے دن کیوراٹلا شمشان گھاٹ میں ادا کی جائیں گی ۔ موت کی خبر سنتے ہی ممتا بنرجی ہسپتال پہنچ کر ان کے لواحقین سے ملاقات کی ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی اور وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستانی کھیلوں کے سب سے بڑے قد آور منتظم اور ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ( بی سی سی آئی) کے چیئرمین جگموہن ڈالمیا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

BCCI chief Jagmohan Dalmia dies

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں