یمن کے الدیلمی ہوائی اڈہ پر اتحادیوں کا فضائی حملہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-03

یمن کے الدیلمی ہوائی اڈہ پر اتحادیوں کا فضائی حملہ

عدن
رائٹر
سعودی عرب کی زیر قیادت اتحادی افواج نے آج شمالی یمن میں فضائی حملے کئے جس میں اتفاقی طور پر صدر عبد ربہ منصور ہادی کے7حامی ہلاک ہوگئے۔ قبائلی ذرائع کے مطابق اتحاد ی افواج نے دارالحکومت صنعا کے مشرقی علاقہ الخجان میں حوثی باغیوں کو نشانہ بناکر فضائی حملے کئے گئے جس میں ہادی کے سات حامی مارے گئے اور مقامی سیکوریٹی فورسس کے دو جوان زخمی ہوگئے ۔ اقوام متحدہ نے مانا کہ یہاں جاری جدو جہد میں اکثر شہریوں کو نشانہ بنایاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں میں یہاں کے تعز شہر میں95شہری مارے گئے ہیں ۔ وہیں اقوام متحدہ انسانی حقوق کے ترجمان سیسل پواولی نے کہا کہ تعز میں حالیہ دنوں میں شہری ہلاکتوں میں بھاری اضافہ کی وجہ سے ہم لوگ فکر مند ہیں ۔ قابل ذکر کہ سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی افواج کی طرف سے اس سال مارچ سے ہی حوثی باغیوں کے خلاف فضائی حملے جاری ہیں ۔ اتحادی لڑاکا طیاروں نے آج علی الصبح دارالحکومت صنعاء کے شما ل میں واقع الدیلمی ہوائی اڈہ پر بھی حملہ کیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ فضائی حملے کے بعد پیدا ہونے والے زور دار دھماکوں سے صنعا دہل گیا اور ہوائی اڈہ سے دھوئیں کے کثیف بادل اٹھنے لگے ۔ اتحادی لڑاکا طیاروں نے اس حملہ میں حوثیوں کے زیر قبضہ اسلحہ گودام کو نشانہ بنایا۔ متعد د حوثی باغی الدیلمی ہوائی اڈہ سے اسکڈ میزائل فائر کرنے کی کوشش کے دوران میزائل پھٹنے سے زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب عرب اتحادی فوج کے لڑاکا طیاروں نے مآرب میں حریب، الجفینہ، الفاو کے علاقوں پر حملے جاری رکھے۔ ان حملوں میں اپاچی ہیلی کاپٹر بھی استعمال کئے گئے تاکہ نیچی پرواز کے ذریعہ مآرب وگورنری میں حوثیوں کی موجودگی کا پتہ چلایاجاسکے اور نشاندہی پر انہیں نشانہ بنایاجائے۔ ریاض سے موصولہ اطلاعات کے یمن کے نائب صدر اور وزیر اعظم خالد بحاح نے کہا ہے کہ تعز کا فیصلہ کن معرکہ دنوں کی بات ہے ۔ آنے والے دنوں میں بہت کچھ نیا ہونے والا ہے ۔ صالح نواز جنگجو اور حوثی ملیشیا کھلی زیادتی کا ارتکاب کررہے ہیں جس کا مقصد صرف ملک میں تباہی اور نفرت بھرا انتقام لینا ہے ۔ یمنی عوام حقیقی قومی منصوبے کی کامیابی کے لئے ایک ہوجائیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ باغیوں کی تعز میں متعدد رہائشی کالونیوں پر گولہ باری میں16افراد ہلاک جب کہ25دوسرے زخمی ہوئے ۔ ادھر اقوام متحدہ نے بتایا ہے کہ اس وقت تعز شہر میں 3لاکھ شہریوں کا باغیوں نے محاصرہ کررکھا ہے اور انہیں روزانہ اندھا دھند گولا باری کا نشانہ بنایاجارہا ہے۔ عالمی ادارے کے مطابق4مہینوں سے جاری محاصرے کے بعد تعز میں پانی، اشیا ئے خورد و نوش سمیت ادویہ کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے کیونکہ حوثیوں کی اندھا دھند گولا باری سے تعز میں صحت کے مراکز اور اسپتال راکھ کا ڈھیر بن چکے ہیں ۔ عرب اتحادی فورسس نے حوثیوں کے مضبوط ٹھکانے صعدہ کے ارد گرد واقع شمال مشرقی علاقوں کا محاصرہ کرلیا ہے اور اب بھاری جنگی مشینری کو مارب شہر کے مرکز لیجارہے ہیں ۔ ذرئع کے مطابق اتحادی فوج نے البقع اور وائلہ میں بھی در اندازی کی ہے جب کہ انہی فورسس نے دفاعی لحاظ سے اہم علاقہ العطفین، الشامی فارم اور المقاس کے ارد گرد کا کنٹرول مزید مضبوط کیا ہے ۔ نیز صعدہ ، الجوف اور نجران امارت کو ملانے والی تکون پر بھی اتحادی فورس کا قبضہ ہوگیا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں