مکہ سانحہ - متاثرین کے لئے معاوضہ کا اعلان - شاہ سلما ن کا فرمان جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-16

مکہ سانحہ - متاثرین کے لئے معاوضہ کا اعلان - شاہ سلما ن کا فرمان جاری

مکہ مکرمہ
ایجنسیاں
سعودی عرب کی حکومت نے حرم شریف سانحہ کے سلسلہ میں بن لادن گروپ کے نئے پراجکٹس روک دئیے ہیں اور متاثرین کے لئے معاوضہ کا اعلان کیا ہے ۔ امدادی پیاکیج کے مطابق سانحہ میں جاں بحق افراد کے رشتہ داروں کو فی کس ایک ملین ریال، مستقل طور پر معذور ہونے والوں کو بھی فی کس ایک ملین ریال معاوضہ دیاجائے گا۔ جب کہ دوسرے زخمیوں کو فی کس پانچ لاکھ ریال دئیے جائیں گے ۔ ایک شاہی حکم میں یہ بات بتائی گئی ۔ اس سانحہ کی تحقیقات کرنے والا کمیشن اس نتیجہ پر پہونچا ہے کہ بن لادن کمپنی جمعہ کے سانحہ کے لئے جزوی طور پر ذمہ دار تھی ۔ بن لادن گروپ، سعودی عرب کی ایک بڑی کنسٹرکشن کمپنی ہے اور وہ مسجد حرام کے توسیعی پراجکٹس سے وابستہ تھی ۔ سعودی عرب کے رائل کورٹ نے وزارت فینانس کو حکم دیا کہ وہ بن لادن گروپ کے تمام پراجکٹس پر نظر ثانی کرے ۔ اس سانحہ میں ایک سو سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے اور تقریبا400زخمی ہوئے تھے ۔ گزشتہ جمعہ کو خراب موسم کے دوران تعمیراتی سر گرمیوں کے سلسلہ میں نصب کردہ ایک کرین گر پڑی تھی جس سے یہ سانحہ پیش آیا تھا ۔ جاں بحق افراد میں11ہندوستانی بھی شامل ہیں ۔ جس وقت یہ سانحہ پیش آیا، حرم شریف میں ہزاروں عازمین حج جمع تھے ۔ حرم شریف میں توسیع کے لئے کئی برسوں سے پراجکٹس پر عمل کیاجارہا ہے ۔ اس دوران بن لادن گروپ کے ایک انجینئر نے اے ایف پی کو بتایا کہ کرین انتہائی پروفیشنل انداز میں نصب کیا گیا تھا اور کوئی تکنیکی مسئلہ نہیں تھا ۔ سانحہ کے مقام کا معائنہ کرتے ہوئے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اعلان کیا تھا کہ سانحہ کے ذمہ داروں کا پتہ لگایاجائے گا اور تحقیقاتی رپورٹ کے نتائج منظر عام پر لائے جائیں گے۔ سعودی سرکاری پریس ایجنسی نے کہا کہ بن لادن کمپنی نے جائے حادثہ پر حفاظت و سلامتی سے متعلق قواعد کا احترام نہیں کیا۔ نیوز ایجنسی نے کہا کہ کمپنی کے عہدیداروں کے مملکت چھوڑنے پر پابندی لگادی گئی ہے اور کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی کی تکمیل تک وہ سعودی عرب چھوڑ کر نہیں جاسکتے ۔ شاہ سلمان نے جاں بحق افراد کے خاندانوں اور زخمیوں کے لئے ایک ملین ریال معاوضہ کا اعلان کیا۔ جاں بحق افراد کے دو رشتہ دارآئندہ سال کے حج کے دوران شاہ سلمان کے مہمان ہوں گے ۔ جو زخمی اس سال حج نہیں کرپائیں گے انہیں آئندہ سال شاہ کے مہمان کی حیثیت سے حج کے لئے مدعو کیاجائے گا۔

1m Riyals compensation for Makkah crane crash victims

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں