یعقوب میمن کے ساتھ انسانیت کا مظاہرہ کیا گیا - آر ایس ایس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-02

یعقوب میمن کے ساتھ انسانیت کا مظاہرہ کیا گیا - آر ایس ایس

نئی دہلی
پی ٹی آئی
آر ایس ایس نے آج کہا کہ1993ممبئی ھم دھماکوں کے مجرم یعقوب میمن سے نمٹنے میں حکومت نے انسانیت کو ملحوظ رکھا اور افراد خاندان کو پھانسی کے بعد ان کی نعش حوالے کردی ۔ اس بات کو یقینی بنایاگیا کہ میمن کے خاندان والے ناگپور میں موجود ہوں اور نعش لاکر اپنے آبائی مقام پر اس کی تدفین کرسکیں ۔ اس سے نہ صرف اخلاق اور اقدار کا مظاہرہ ہوتا ہے بلکہ ہندوستانیت کی بھی عکاسی ہوتی ہے ۔ آر ایس ایس کے سینئر لیڈر اندریش کمار نے کہا کہ حکومت نے وہی کیا جو جمہوریت میں ہوتا ہے ۔ عدالت نے اپنی ذمہ داری نبھائی ، عدالت کی ذمہ داری یہ نہیں ہے کہ وہ اس کے فیصلے سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹے ۔ فیصلہ کے بعد اس صورتحال سے حکومت کو نمٹنا ہوتا ہے ۔ حکومت نے عدلیہ کے فیصلہ کے بعد صورتحال سے اسی طرح نمٹا جس طرح ہندوستان میں نمٹا جاسکتا ہے۔ اندریش کمار نے کہا کہ پارلیمنٹ پر حملہ کے ملزم افضل گرو کو پھانسی کے موقع پر اس طرح کی خیر سگالی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نہ صرف یعقوب میمن کے رشتہ داروں کو نعش لے جانے کی اجازت دی بلکہ تدفین میں بھی کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی۔ یہ رویہ ایک جمہوری حکومت سے ہی متوقع تھا ۔ یہاں ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے اندریش کمار نے کہا کہ حکومت کے اسی رویے کی وجہ سے ملک کے کسی بھی علاقہ میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ یعقوب میمن کی تدفین کے موقع پر کسی فساد کی توقع کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو مکمل پیشہ وارانہ اور قوم پرستانہ جذبہ کے ساتھ اپنی ڈیوٹی انجام دینا چاہئے ۔ جس میں حب الوطنی بھی شامل ہو۔ میڈیا کو خود اپنامحاسبہ کرنے کی ضرورت ہے کہ کیا واقعی قوم اور انسانیت کی خدمت کررہا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں