فوجی اور معاشی تعلقات کو مستحکم کرنے مصر - سعودی اتفاق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-01

فوجی اور معاشی تعلقات کو مستحکم کرنے مصر - سعودی اتفاق

جوہانسبرگ، قاہرہ
یو این آئی، ایجنسیز
مصر اور سعودی عرب نے اپنی فوجی اور معاشی تعلقات کو فروغ دینے کے مقصد سے قاہرہ میں ایک معاہدے پر ستخط کئے ہیں۔ صدر عبدالفتاح السیسی کے دفتر نے سیسی اور سعودی عرب کے وزیر دفاع محمد بن سلمان کے درمیان ایک میٹنگ کے بعد کل ایک بیان جاری کرکے بتایا کہ دونوں رہنما متحدہ عرب فورس تشکیل دینے کے لئے کام کریں گے ۔ عرب ممالک کے دفاع اور وزیر خارجہ اس فورس کی رنگ وروپ پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے27اگست کو قاہرہ میں ملاقات کریں گے ۔ مصری صدر کے دفتر نے بتایا کہ دونوں فریقوں نے علاقہ میں سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کی غرض سے نیز عرب کی قومی سلامتی کے تحفظ کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور نائب وزیر اعظم پرنس محمد بن سلمان کے حالیہ دورہ مصر کو دونوں ملکوں کے ذرائع ابلاغ نے غیر معمولی اہمیت دی ہے اور کہا ہے کہ یہ دورہ نہایت کا میان رہا ہے ۔ دوسری جانب مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو دورہ مصر کی دعوت دی ہے ۔ سعودی عرب کے حکومتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیر دفاع کے جمہوریہ مصر کے دورے کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور یہ دورہ نہایت کامیاب ثابت ہوگا۔خیال رہے کہ سعودی وزیر دفاع پرنس محمد بن سلمان نے کل قاہرہ میں مصری صدر فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی سے خوشگوار موڈ میں طویل ملاقات کی تھی ۔ پرنس محمد کے قاہرہ پہنچنے پر صدر السیسی نے خود ان کا استقبال کیا ۔ بعد ازاں دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے موضوعات پر طویل گفتگو ہوئی۔ بات چیت میں دونوں ملکوں کے سرکردہ حکام بھی موجود تھے ۔ مصری ایوان صدر کے ترجمان علاہ یوسف نے میڈیا کو بتایا کہ صدر نے خود سعودی مہمان کو خوش آمدید کہا۔ پرنس محمد نے خادم الحرمین الشریفین کی جانب سے صدر السیسی کے لئے خصوصی پیغام بھی ان تک پہنچایا۔ صدر السیسی نے کہا کہ مصر ہمیشہ عرب اقوام کے حقوق کے لئے جنگ لڑتا رہا ہے ۔ اب بھی اپنے عرب بھائیوں کے ساتھ کھڑا آر ہے گا ۔ خلیجی خطہ مصر کے لئے سرخ لکیر اور مصر کی قومی سلامتی کا جز لازم بن چکا ہے ۔ اس موقع پر مصری صدر نے سعودی عرب کی قیادت کی طرف سے مصری قوم کی مالی اور سیاسی مدد کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ریاض نے ہر مشکل میں مصری عوام کا ساتھ دے کر عرب بھائی چارہ کا ثبوت فراہم کیا ۔ ذرائع کے مطابق نائب ولی عہد پرنس محمد بن سلما نے اپنے والد شاہ سلمان کا ایک خصوصی پیغام بھی مصری صدر عبدالفتاح السیسی تک پہنچایا ۔ خصوصی پیغام میں شاہ سلمان کی جانب سے مصری قیادت کی خلیجی ممالک کے لئے خدمات کی تحسین کی گئی ہے۔ عرب ممالک کی وحدت اور تمام شعبوں میں عرب اقوام کے اشتراک کے حوالے سے بھی مصر کے جامع کردار کی تعریف کی گئی ہے ۔ مصری ایوان صدر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر السیسی نے بھی شاہ سلمان کو ایک خصوصی پیغام بھیجا ہے ۔ جس میں انہیں دورہ مصر کی دعوت بھی دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ مصری عوام، شاہ سلمان کی آمد کے منتظر ہیں ۔ ایوان صدر کے ترجمان نے کہا کہ پرنس محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور صدر السیسی کے درمیان گفتگو میں باہمی دلچسپی کے امور ، دو طرفہ تعلقات ، اقتصادی اور معاشی ترقی کے لئے دونوں ملکوں کے مابین تعاون کے فروغ ، عرب ممالک کو در پیش امن امان کے مسائل ، انتہا پسند گروپوں کے خلاف جاری جنگ اور عرب اقوام کی آزادی کے لئے جاری تحریکیں اور عرب خطہ کے استحکام جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بعد ازاں پرنس سلما نے قاہرہ ملٹری اکیڈیمی کی پاسنگ آؤٹ تقریب میں بھی شرکت کی ۔ تقریب میں مصر کی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف جنرل صدقی صبحی بھی شریک تھے۔ قبل ازیں ملٹری اکیڈیمی میں منعقدہ گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیسی نے کہا ہے کہ ان کا ملک اور سعودی عرب ، عرب خطہ کی سلامتی کے لئے بڑی اہمیت کے حامل ہیں ۔ اس موقع پر سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع پرنس محمد بن سلمان بھی موجود تھے ۔ سرکاری اخبار الاہرام کی رپورٹ کے مطابق عبدالفتاح السیسی نے اپنی تقریر میں کہا کہ سعودی نائب ولی عہد کی تقریب میں موجودگی سے دونوں ملکوں کے عوام کے لئے تعاون کا ایک مضبوط پیغام گیا ہے کہ آپ ہمیں اکٹھے دیکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ خطہ کے انتہائی نامساعد حالات میں سیکوریٹی کی صورتحال کی غیر معمولی نگرانی اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں