حکومت پر تنقید - ٹی آر ایس لیڈر تلاسانی کا کانگریس اور ٹی ڈی پی کے لیڈروں کو انتباہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-21

حکومت پر تنقید - ٹی آر ایس لیڈر تلاسانی کا کانگریس اور ٹی ڈی پی کے لیڈروں کو انتباہ

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
تلنگانہ وزیر برائے کمر شیل ٹیکسس، تلاسانی سری نواس یادو نے آج اپوزیشن بالخصوص کانگریس اور ٹی ڈی پی کو یہ کہتے ہوئے انتباہ دیا کہ اگر وہ ٹی آر ایس حکومت کی راہ میں اور ترقیاتی کاموں میں روڑے اٹکاتے رہیں گے تو انہیں سلاخوں کے پیچھے بھیج دیاجائے گا۔ انہوں نے بار ہا کہا کہ میں تمہارا انجام دیکھ لوں گا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہم حکومت میں ہیں اور ہم عوام کی ضروریات کے مطابق فیصلہ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے جو بھی فیصلے لیے ہیں جن میں سیکریٹریٹ کی منتقلی اور نئے سیکریٹریٹ کی تعمیر شامل ہے ، اپوزیشن لیڈروں نے ان پر تنقید کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عثمانیہ یونیورسٹی کی زمین پر غریب افراد کے لئے گھروں کی تعمیر، عثمانیہ دواخانہ کی خستہ حال عمارت کی تعمیر ، گراما جیوتی پروگرام ، سستی شراب کی فروخت اور آبپاشی پراجکٹس کی تزئین نو پر بھی اپوزیشن نے تنقید کی ہے ۔ سیکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ ملک کے واحد ایماندار اور شفاف چیف منسٹر ہیں ۔ یہ کانگریس قائدین ہی تھے جنہوں نے اپنے دور حکمرانی میں دونوں ریاستوں اور ملک کو لوٹا ہے۔ انہی لوگوں نے آبپاشی پراجکٹس کے فروغ، اندراماہاؤزنگ اسکیم کے نام پر رقم لوٹی ہے اور گھروں کی تعمیر کے بغیر بل جاری کردیے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تحقیقاتی رپورٹس آگئی ہیں جن میں پتہ چل گیا ہے کہ اندرا ما ہاؤزنگ اسکیم کے تحت کتنا پیسہ لوٹا گیا ہے ۔ جب یہ مسئلہ اسمبلی میں زیر بحث آئے گا تو دیکھنا ہے کہ کتنے لیڈر جیل میں جاتے ہیں ۔ انہوں نے اپوزیشن کے اس مطالبہ کو مسترد کردیا کہ آبپاشی پراجکٹس کی تزئین نو کے مسئلہ پر آل پارٹی میٹنگ بلائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی اسمبلی اجلاس کی شروعات ہوگی، وہیں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بات چیت ہوگی ۔ انہوں نے اس بات کا ادعا کیا کہ اپوزیشن لیڈروں کی بد عنوانی کو بے نقاب کیاجائے گا۔

Will jail all KCR critics, says Talasani Srinivas warning Opposition

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں