میمن کی پھانسی - ڈپٹی رجسٹرار سپریم کورٹ مستعفیٰ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-02

میمن کی پھانسی - ڈپٹی رجسٹرار سپریم کورٹ مستعفیٰ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سپریم کورٹ کے ایک ڈپٹی رجسٹرار نے ممبئی دھماکوں کے قصور وار یعقوب میمن کی سزائے موت کو منظوری دینے سے متعلق فیصلہ پر تنقید کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا ہے اور کہا ہے کہ چند گھنٹوں کے اندر کئے گئے دو فیصلے عدالتی فرائض سے روگردانی کی مثال ہیں اور وہ عدالت عالیہ کے تاریک ترین گھنٹوں میں شمار کئے جاسکتے ہیں ۔ ڈپٹی رجسٹرار اور ریسرچ پروفیسر انوپ سریندر ناتھ نے30جولائی کو عدالت کی جانب سے ڈیتھ وارنٹ کی برقراری کے دو گھنٹے بعد میمن کی پھانسی کے دن ہی استعفیٰ دے دیا جنہیں کنٹراکٹ کی بنیاد پر زائد ایک سال قبل مقرر کیا گیا تھا ۔ سزائے موت پر بحث کے درمیان ان کا استعفیٰ سامنے آیا ہے جسے قبول کرلیا گیا ہے ۔ عدالتی ذرائع نے بتایا کہ انہیں ذمہ داری سے آزاد کردیا گیا ہے ۔ سریندر ناتھ نیشنل لاء یونیورسٹی دہلی کے فیکلٹی ممبر اور سزائے موت پر تحقیق کے پراجکٹ کے ڈائرکٹر ہین ۔ وہ میمن کی موت کے پروانے پر حکم التوا جاری کرنے کے لئے درخواست کے ادخال سے بھی وابستہ تھے ۔ انہوں نے کہا کہ میں کافی عرصہ سے مختلف وجوہات کی بناء پر استعفیٰ پر غور کررہا تھا لیکن سپریم کورٹ میں اس ہفتہ جو کچھ ہوا وہ آخری کیل ثابت ہوا ۔ میں نے یونیورسٹی میں سزائے موت پر اپنے کام پر توجہ دینے کے لئے سپریم کورٹ کا عہدہ چھوڑ دیا ہے ۔ انہوں نے ایک سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ پر یہ بات لکھی۔ ربط پید اکئے جانے پر انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی سائٹ پر جو کچھ لکھا ہے اس کے علاوہ انہیں مزید کچھ نہیں کہنا ہے ۔ سپریم کورٹ نے29اور 30جولائی کی درمیانی رات ہندوستانی عدلیہ کی تاریخ کے ایک غیر معمولی واقعہ میں شب کے تیسرے پہر یعقوب میمن کے وکلاء کی درخواستوں کی سماعت کی تھی اور ایک بار پھر سزائے موت پرحکم التو جاری کرنے سے انکار کرتے ہوئے1993کے ممبئی دھماکوں کے قصور وار یعقوب میمن کی پھانسی کی راہ ہموار کی تھی اور اس کے ڈھائی گھنٹہ بعد میمن کو ناگپور جیل میں تختہ دار پر چڑھا دیا گیا تھا۔29جولائی کو جہاں سپریم کورٹ نے میمن کی اصلاحی درخواستوں کو مسترد کیا تھا وہیں صدرجمہوریہ پرنب مکرجی اور گورنر مہاراشٹرا سی ایس ودیا ساگرراؤ نے بھی ان کی درخواست رحم مسترد کردی تھی ۔ صدر جمہوریہ نے اسی شام وزارت داخلہ سے درخواست رحم کے بارے میں رائے طلب کی تھی اور وزارت نے آنا فانا اپنے خیالات سے صدر جمہوریہ کو واقف کرادیا تھا ۔ میمن کی پھانسی پر عمل آوری میں حکومت اور عدلیہ کی عجلت پر کئی گوشوں کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے ۔

Yakub Memon's execution: Supreme Court Deputy Registrar quits over judgement

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں