بی جے پی ناکامیوں پر سے توجہ ہٹانے کوشاں - کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-02

بی جے پی ناکامیوں پر سے توجہ ہٹانے کوشاں - کانگریس

نئی دہلی، پونے
پی ٹی آئی، یو این آئی
سابق وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے آج انکار کیا ہہے کہ انہوں نے یو پی اے حکومت کے دور اقتدار میں پارلیمنٹ میں لفظ ہندو دہشت گردی استعمال کیا تھا۔ پونے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ میں نے پارلیمنٹ میں کبھی ہندو دہشت گردی کا لفظ استعمال نہیں کیا۔ ایک مرتبہ جئے پور میں کانگریس کے اجلاس سے خطاب کے دوران میں نے اس لفظ کا استعمال کیا تھا لیکن فوری اس سے دستبرداری بھی اختیار کی۔ شنڈے کا بیان اس پس منظر میں سامنے آیا ہے کہ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ یو پی اے حکومت کی جانب سے اس لفظ کے استعمال کی وجہ سے دہشت گردی کے خلاف حکومت کی لڑائی کمزور ہوگئی ہے ۔ شنڈے نے کہا کہ این ڈی اے حکومت اپنی نا اہلی سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہی ہے ۔ شنڈے نے الزام عائد کیا کہ ملک میں دہشت گردی کو فروغ اس وقت حاصل ہوا جب سابقہ این ڈی اے حکومت نے قندھار ہائی جیکنگ معاملہ سے نمٹنے میں غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا اور خطرناک دہشت گردوں کو رہا کردیا۔ انہوں نے کہا کہ قندھار واقعہ کے بعد جموں و کشمیر اسمبلی اور پھر ملک کی پارلیمنٹ پر حملہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا ین ڈی اے دور اقتدار میں راحت ملی نہ یو پی اے کے دور میں ۔ اسی دوران کانگریس نے بی جے پی پر سیاسی صف بندی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے گرداسپورکے دہشت گردانہ حملہ پر پارلیمنٹ میں دئیے گئے اپنے بیان میں ہندو دہشت گردی کا استعمال کرنے کے لئے سابقہ یوپی اے سرکار پر جس طرح اپنا غصہ اتارا ہے وہ دراصل دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں مودی سرکار کی ناکامی سے توجہ ہٹانے کی ایک کوشش ہے ۔ کانگریس کے سینئر ترجمان غلام نبی آزادنے آج یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ راجناتھ سنگھ نے جان بوجھ کر ایک حکمت عملی کے تحت اپنی حکومت کی ناکامی اور بالخصوص دہشت گردی اور سرحد پار سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کو روکنے میں اپنی نااہلیتی کو چھپانے کے لئے اس لفظ کے استعمال کو موضوع بحث بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندو دہشت گردی کے استعمال کے سلسلے میں یو پی اے سرکار کی مدت کار میں وزیر داخلہ رہنے والے سشیل کمار شنڈے کا غلط پس منظر مین ذکر کیاجارہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ شنڈے نے اس لفظ کا استعمال پارلیمنٹ میں نہیں بلکہ پارٹی فورم میں کیا تھا۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ دہشت گردی ایک حساس مسئلہ ہے اور اس پر پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہئے ۔ بحث کے بعد خود وزیر اعظم نریندر مودی کو اس پر جواب دینا چاہئے اور ملک کے سامنے یہ واضح کرنا چاہئے کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے ان کی پالیسی کیا ہے ۔ وہ یہ بھی بتائیں کہ پاکستان کے ساتھ ان کی پالیسی کیا ہے اور اوفا میں پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ ان کی کیا بات چیت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزی مسلسل جاری ہے ۔

BJP is trying to divert attention from the failures - Congress

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں