وزیر اعظم للت مودی کو ملک واپس لائیں - راہول گاندھی کا چیلنج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-14

وزیر اعظم للت مودی کو ملک واپس لائیں - راہول گاندھی کا چیلنج

نئی دہلی
پی ٹی آئی
راہول گاندھی نے للت مودی مسئلہ پر حکومت کی صفائی کو مسترد کرتے ہوئے آج وزیر خارجہ سشما سوراج اور وزیر اعظم نریندر مودی کو سخت تنقیدوں کا نشانہ بنایا اور انہیں چیلنج کیا کہ وہ سابق آئی پی ایل کمشنر کو ہندوستان واپس لائیں ۔ ان کے والد راجیو گاندھی کے خلاف سشما سوراج کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر نے کہا کہ ملک کے عدالتی نظام نے آنجہانی وزیر اعظم کوکلین چٹ دی ہے ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج ارون جیٹلی نے کل پارلیمنٹ میں سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی پر الزامات عائد کئے تھے ۔ راہول نے کہا کہ سشما اور وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کل دراصل کالے دھن نیٹ ورک کی پارلیمنٹ میں مدافعت کی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ للت مودی سیاسی نظام اور کالے دھن کے مابین ایک اہم کڑی ہے۔ کانگریس لیڈر نے زور دے کر کہا کہ ان کی پارٹی اس مسئلہ پر دباؤ بنائے رکھے گی اور انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو طعنہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ کوفزدہ ہورہے ہیں ۔ پارلیمنٹ کے احاطہ مٰں کانگریس کے احتجاج کی قیادت کرتے ہوئے جس میں بائیں بازو اور ترنمول کے ارکان بھی شامل ہوگئے تھے ، راہول گاندھی نے سشما سوراج کے کل لوک سبھا میں دئیے گئے بیان کو مسترد کردیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر سشما سوراج نے اپنے دعویٰ کے مطابق واقعی انسانی بنیادوں پر مدد کی ہے تو انہوں نے چوری چھپے یہ کام کیوں کیا؟ وزیر اعظم نریندر مودی اور سابق آئی پی ایل صدر نشین کے نامون میں مماثلت پر طنز کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ وہ نریندر مودی سے کہہ رہے ہیں کہ للت مودی کو پکڑیں اور انہیں واپس ہندوستان لائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان آپ کو ایک موقع دے رہا ہے ۔ ابھی بھی آپ پر اعتبار کیاجاتا ہے ۔ راہول گاندھی نے ریمارک کیا کہ کئی لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ مودی جی بہت باہمیت ہیں، جب کہ چند لوگ یہ کہتے ہیں کہ وہ بے حوصلہ ہیں ۔ آپ للت مودی کو واپس نہ لائیں اور ان لوگوں کو للت مودی کا دفاع کرنے دیں جیسا کہ سشما جی نے کیا ہے۔ ہم سمجھ چکے ہیں کہ یہ وزیر اعظم ڈر رہا ہے ۔ ہم اتنا دباؤ ڈالیں گے کہ للت مودی کو واپس لایاجائے گا اور کرکٹ میں جو بھی گندگی ہوئی ہے اسے صاف کیاجائے گا۔

Rahul Gandhi dares Narendra Modi to bring back Lalit Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں