آئی اے این ایس
وزیر اعظم پر وعدوں کو وفا نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج یہاں سابق فوجیوں کے احتجاج میں شرکت کرتے ہوئے دیرینہ ون رینک ون پنشن کے نفاذ کی قطعی تاریخ دینے کا مطالبہ کیا۔ گاندھی نے جنتر منتر کا دورہ کیا جہاں سے دہلی پولیس نے سابق فوجیوں کو ہٹانے کی کوشش کی جو ون رینک ون پنشن کا مطالبہ کرتے ہوئے گزشتہ دو ماہ سے احتجاج کررہے ہیں ۔ راہول نے پولیس کی کاروائی کی مذمت کی اور کہا کہ جنہوں نے ملک کی حفاظت کی ان کا احترام کیاجانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ہمارے وزیر اعظم وعدے تو آسانی سے کرلیتے ہیں ۔ لیکن ان کی تکمیل میں ناکام ہوجاتے ہیں ۔ انہوں نے نوجوانوں کو روزگار کا وعدہ کیا تھا لیکن میک ان انڈیا کامیاب نہیں ہوا ۔ انہوں نے صاف ہندوستان کا وعدہ کیا تھا لیکن سوچھ بھارت سے اب تک کوئی نتیجہ نہیں نکلا ۔ انہوں نے اپنے کارپوریٹ دوستوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اراضی بل منظور کروالیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا۔ اسی طرح انہوں نے ون رینک ون پنشن نافذ کرنے کا بھی وعدہ کیا تھا جو ابھی تک پورا نہیں ہوا۔ گاندھی نے یہ بات احتجاجی سابق فوجیوں سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے کہی۔ کانگریس نائب صدر نے اصرار کیا کہ وزیر اعظم کو وعدہ کرنے سے قبل ون رینک ون پنشن نافذ کرنے میں تکنیکی دشواریوں کے تعلق سے سوچ لینا چاہئے تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے وعدہ کیا تھا کہ وہ ون رینک ون پنشن نافذ کریں گے ۔ معاملہ بہت سیدھا ہے ، وزیر اعظم کو اب تاریخ دینی چاہئے۔ اگر وہ کہتے ہیں کہ فلاں تاریخ کو کام ہوجائے گا تو یہ پورا حتجاج ختم ہوجائے گا ۔ قبل ازیں آج پولیس نے دارالحکومت کے قلب میں واقع جنتر منتر سے سابق فوجیوں کو یوم آزادی تقاریب کے پیش نظر سیکوریٹی وجوہات کی بناء پر ہٹانے کی کوشش کی ۔ بعد ازاں پولیس کمشنر بی ایس بسی نے کہا کہ انہیں احتجاج جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی ۔ گاندھی نے کہا کہ انہوں نے پوری زندگی سرحدوں کی حفاظت کی۔ وہ یہاں احتجاج کررہے ہیں وہ کچھ بھی غلط نہیں کررہے ہیں ۔ ان پر طاقت کا استعمال نہیں کیاجانا چاہئے انہیں اس جگہ سے نہیں ہٹانا چاہئے ۔"
Rahul Gandhi asks PM Modi to announce date on OROP
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں