بہار کے لئے 2.70 لاکھ کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان - نتیش کمار کی پریس کانفرنس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-29

بہار کے لئے 2.70 لاکھ کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان - نتیش کمار کی پریس کانفرنس

پٹنہ
پی ٹی آئی
بہار کے لئے وزیر اعظم کے1.25لاکھ کروڑ روپے کے خصوصی پیاکیج کے جواب میں چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج آئندہ پانچ سال کے دوران بہار کے لئے2.70لاکھ کروڑ روپے کے ترقیاتی پیاکیج کا اعلان کیا جس میں ہر گھرانے کے لئے مفت برقی اور پینے کے پانی کا کنکشن شامل ہے ۔ نتیش کمار نے وزیر اعظم کے خصوصی پیاکیج پر طنز کرتے ہوئے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ پیاکیج جس کی بہت تشہیر کی جارہی ہے ۔ صرف پرانی اسکیموں پر مشتمل ہے۔ اس کے برعکس میرا2.70لاکھ کروڑروپے کا ویزن قابل عمل پروگراموں پر مشتمل ہے اور میں نے اس کے لئے وسائل کا تعین کرلیا ہے ۔ نتیش کمار نے کہا یہ میرے دل کی بات ہے من کی بات نہیں ۔ کمار نے کہا کہ سات نکاتی ترقیاتی منصوبہ مختلف شعبوں میں جاری اسکیموں کے علاوہ ہوگا ۔ پریس کانفرنس میں ان کے ہمراہ ریاستی وزیر فینانس وجیندریادو اور سینئر وزیر وجئے چودھری بھی تھے ۔ ان سوالات پر کہ آیا یہ جنتادل یو یا پھر سیکولر اتحاد کا انتخابی منشور ہے جس میں جنتادل یو ، آر جے ڈی اور کانگریس شامل ہیں ، نتیش کمار نے نفی میں جواب دیا اور کہا کہ یہ عوام سے میرا عہد ہے اور میں جانتا ہوں کہ وہ مجھ پر بھروسہ کرتے ہیں ۔ کہ میں جو کہتا ہوں کردکھاتا ہوں ۔ مزید یہ پوچھے جانے پر کہ آیا آر جے ڈی اور کانگریس بھی ان کے اس ویژن میں شریک ہیں ، نتیش نے کہا کہ بہار کے انتخابات میں، میں سیکولر اتحاد کا لیڈر ہوں ۔ کمار کے سات نکاتی ترقیاتی پیاکیج میں نوجوانوں ، خواتین، بیروزگار نوجوان صنعت کاروں اور انفراسٹرکچر ضروریات جیسے پینے کا پانی، برقی اور بیت الخلا پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔ آئی اے این ایس کے بموجب نتیش کمار نے ویژن دستاویز جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ دوبارہ حکومت تشکیل دیتے ہیں تو بہار میں سرکاری ملازمتوں میں35فیصد خواتین کے لئے مختص رہیں گی ۔ انہوں نے اسٹوڈنٹس کریڈیٹ کارڈ شروع کرنے کا بھی عہد کیا تاکہ بارہویں جماعت کا میاب کرنے والے تمام طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے لئے چار لاکھ روپے تک کا قرض دیاجاسکے جس میں حکومت کی جانب سے تین فیصد سبسیڈی دی جائے گی ۔ انہوں نے نامہ نگاروں سے کہا کہ بہار کے عوام مجھ پر بھروسہ کرتے ہیں ۔ میں بہار کا چہرہ تبدیل کردوں گا اور نوجوانوں اور خواتین کے لئے ترقیاتی اسکیمات رو بہ عمل لاؤں گا۔ ہم بہار کے تمام کالجوں اور یونیورسٹیوں میں مفت وائی فائی فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں ۔ نتیش نے کہا کہ نوجوان صنعت کاروں کی مدد کے لئے500کروڑ روپے کا وینچر کیپیٹل قائم کیاجائے گا۔ہم بیروزگار نوجوانوں کو سیلف ہیلپ الاؤنس دینے کا بھی منصوبہ رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت بہار میں تمام سرکاری ملازمتوں میں خواتین کو35فیصد تحفظات فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم پولیس ، کانسٹبلس اور سب انسپکٹرس کے تقررات میں پہلے ہی خواتین کو35فیصد تحفظات فراہم کررہے ہیں جب کہ پرائمرہ اسکول ٹیچرس کی ملازمتوں اور پنچایتی راج نظام میں50فیصد تحفظات فراہم کئے جارہے ہیں ۔ نتیش کمار نے اس بات کا اعتراف کیا کہ بہار کی ترقی کے لئے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے اور وہ پہلے ہی بہت کچھ حاصل کرچکے ہیں ۔

Nitish Kumar counters PM Narendra Modi's special package with Rs 2.70 lakh crore vision

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں