مدھیہ پردیش میں 2 ٹرینیں پٹری سے اتر گئیں - 29 افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-06

مدھیہ پردیش میں 2 ٹرینیں پٹری سے اتر گئیں - 29 افراد ہلاک

ہردا
پی ٹی آئی
مدھیہ پردیش کے ہردا ضلع میں کل رات ریلوے برج عبور کرنے کے دوران چند منٹوں کے وقفہ سے دو ایکسپریس ٹرینیں پانی میں ڈوبی پٹریوں سے اتر گئیں اور ٹرین کی بوگیاں ماچک دریا میں گر پڑیں۔ گزشتہ رات11:30بجے پیش آئے ان حادثات میں مہلوکین کی تعداد سے متعلق تضاد پایاجاتا ہے ۔پہلی ٹرین ممبئی سے وارانسی جانے والی کمائینی ایکسپریس جبکہ دوسری ٹرین پٹنہ سے ممبئی جانے والی جنتا ایکسپریس ہے۔ یہ حادثہ کھڑکیہ اور بھرنگی اسٹیشنوں کے درمیان کھنڈوا ، اراسی سیکشن پر بھوپال سے160کلو میٹر دور پیش آیا۔ مدھیہ پردیش حکومت کے ترجمان انوپم راجن نے کہا کہ تا حال جائے حادثہ سے29نعشیں ، جن میں 13مرد11عورتیں اور پانچ بچے شامل ہیں ۔ برآمد کرلی گئی ہیں ۔ ریلوے عہدیدار نے کہا کہ 250مسافروں کو بچا لیا گیا۔ تاہم وزیر ریلوے سریش پربھو نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ 12مسافرین ہلاک ہوئے ہیں ۔ اپوزیشن ارکان کے شوروغل کے درمیان پربھو نے راجیہ سبھا کو بتایا کہ بادی النظر میں حادثہ کی وجہ بھاری بارش کے سبب سیلاب نظر آتی ہے۔ وزارت ریلوے نے ٹرین کے جڑواں حادثہ کی جانچ کا حکم دیا اور مہلوکین کے ورثاء کو دو لاکھ روپے ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے حادثون میں زندگیوں کے اتلاف پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ حکام ہر ممکنہ مدد کررہے ہیں۔ ڈیویژنل ریلوے منیجر(ڈی آر ایم) بھوپال آلوک کمار نے کہا کہ جنتا ایکسپریس کے11مسافرین اور کاماینی ایکسپریس کا ایک مسافر مردہ پایا گیا ۔ بقیہ مسافرین کے تعلق سے ہم یقین کے ساتھ نہیں کہہ سکتے کہ آیا وہ مقامی گاؤں کے تھے یا پھر کوئی اور۔ اگرچیکہ ریاستی حکومت نے کہا دو ٹرینوں کی21بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، ڈی آر ایم نے کہا کہ جنتا ایکسپریس کی سات بوگیاں مع انجن اور کمائینی ایکپریس کی10بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ سنٹرل ریلوے کے پی آر او پیوش ماتھر کے مطابق کاماینی ایکسپریس کی سات بوگیاں اور راجندر نگر( پٹنہ) ممبئی جنتا ایکسپریس کی تین بوگیاں مع انجن پٹری سے اتر گئیں ۔ ریلوے کے ترجمان انل سکسینہ نے کہا کہ کمشنر ریلوے سفیٹی( سنٹرل زون) ان حادثوں کی جانچ کریں گے۔ عہدیدار نے کہا کہ حادثہ سے محض8منٹ قبل2ٹرینیں اسی سیکشن سے گزریں تاہم ڈرائیور نے کوئی مسئلہ نہیں پایا۔
بھوپال سے ایجنسیوں کی علیحدہ اطلاع کے بموجب گوٹے گاؤں تحصیل، نرسنگپور ضلع کے ایک ہی خاندان کے دس افراد ہر دا ضلع میں ہوئے دوہرے ٹرین حادثہ میں ہلاک ہوگئے۔ راجک خاندان کے13ممبران جو رامینوار اور اوامر گاؤں سے تعلق رکھتے تھے شیرڈی جارہے تھے ۔انہوں نے جنتا ایکسپریس ، شیر دھیام ریلوے اسٹیشن سے پکڑی جو کھر کیا، ہردا ضلع میں پٹریوں سے اتر گئی ۔ میرے چچا دیپ چند راجک ، ان کی اہلیہ ہیرا بائی رجک، میرا بھائی گھنشیام رجک، میرے ماموں، میرے دادا، میری خالائیں جملہ13افراد خاندان اس ٹرین میں سفر کررہے تھے ۔ منیش رجک مہلوکین کے رشتہ دار نے یہ بات بتائی۔ تقریبا رات12بجے میرے بھائی گھنشیام رجک نے مجھے جگا کر اس حادثہ کی اطلاع دی ۔ پانی تمام ڈبوں میں داخل ہوگیا تھا ، اس نے کہا کہ میں سوچتا ہوں کہ ہم سب مرجائیں گے اور وہ واقعی میں مرگیا۔ منیش نے روتے ہوئے بتایا۔

MP twin train derailment: Death toll rises to 29

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں