ڈی این اے سے متعلق وزیر اعظم کے تبصرہ پر نتیش کمار برہم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-06

ڈی این اے سے متعلق وزیر اعظم کے تبصرہ پر نتیش کمار برہم

پٹنہ
آئی اے این ایس
چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا کہ وہ ان کے سلسلہ نسب کے بارے میں اپنا تبصرہ واپس لینے پر غور کریں۔ جنتادل یو لیڈر نے جاریہ ماہ بہار میں مودی کے تین مجوزہ جلسوں سے قبل ان کی جانب سے کئے گئے ڈی این اے ریمارکس کا مسئلہ اٹھایا۔ٹوئٹر پر جاری کئے گئے ایک کھلے مکتوب میں نتیش کمار نے کہا کہ مودی نے25جولائی کو تبصرہ کرتے ہوئے ان کے حسب و نسب (ڈی این اے) پر سوال اٹھایا تھا اور ان کے تبصرہ کو ریاست اور بیرون ریاست کے لوگں کی بڑی تعداد توہین تصور کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم میں سے بیشتر کا یہ احساس ہے کہ ایسے بیانات کی وجہ سے جن میں میرے خاندان کے بارے میں سوال اٹھایا گیا ہے ، ریاستی عوا م کے سلسلہ نسب کی توہین ہوئی ہے اور ریاست کا عظیم ورثہ داغدار ہوگیا ہے ۔ اس کی وجہ سے یہ تصور پید اہوا ہے کہ شاید آپ اور آپ کی پارٹی نے بہار کے عوام کے بارے میں پہلے سے کوئی رائے قائم کرلی ہے ، لہذا اس مکتوب کے ذریعہ میں آپ سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ آپ اپنے الفاظ کو واپس لینے پر غور کریں ۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ آپ کے اس اقدام سے عوام کے جذبات کو ٹھنڈا کرنے میں مدد ملے گی اور آپ کی عزت میں اضافہ ہوگا۔ واضح رہے کہ مودی نے مظفر پور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا نتیش کمار کے ڈی این اے میں کوئی خرابی معلوم ہوتی ہے ، کیوں کہ جمہوریت کا ڈی این اے ایسا نہیں ہوتا ، جمہوریت مین آپ اپنے سیاسی حریفوں کا بھی احترام کرتے ہیں ۔ نتیش کمار نے محتاط الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ اس وقت سے ہمیں ستا رہا ہے ۔ اب جب کہ آپ ایک بار پھر ریاست کا دورہ کرنے والے ہیں، میں ان لوگوں کی جانب سے آپ کو مکتوب روانہ کررہا ہوں جنہیں آپ کے اس بیان سے تکلیف پہنچی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ہم میں سے بیشتر کا یہ احساس ہے کہ یہ تبصرہ اس عہدہ کو زیب نہیں دیتا جس پر آپ فائز ہیں۔ چیف منسٹر بہار نے مودی کو یہ بھی انتباہ دیا کہ ایسے تبصروں سے ان کی قیادت پر عوام کے بھروسہ کو ٹھیس پہنچی ہے ۔ کانگریس نے بھی جو بہار میں ان کی شراکت دار ہے ، نتیش کمار کے خیالات کی تائید کی ۔ کانگریس قائد رینو کا چودھری نے دہلی میں کہا کہ وزیر اعظم کو ایسا نہیں کہنا چاہئے تھا۔ انہیں فوری اپنا تبصرہ واپس لینا چاہئے۔ وہ اب پرچارک نہیں رہے ۔ دوسری طرف وزیر اعظم نے ابھی تک کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے ، تاہم بہار کے سینئر بی جے پی قائد سشیل کمار مودی نے جنتادل یو لیڈر کے الزام پر رد عمل ظاہر کیا اور وضاحت کی کہ وزیر اعظم کی مراد نتیش کمار کے سیاسی ڈی این اے( حسب نسب) سے تھی۔

PM Modi's 'DNA remark' an insult to people of Bihar: Nitish

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں