مودی کجریوال ملاقات - دہلی پولیس کے عدم تعاون کی شکایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-26

مودی کجریوال ملاقات - دہلی پولیس کے عدم تعاون کی شکایت

نئی دہلی
آئی اے این ایس
چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو بتایا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ دہلی پولیس کی ، حکومت دہلی کے ساتھ جنگ چل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں مرکزی حکومت کا تعاون حاصل ہوتا ہے تووہ دہلی کو درخشاں شہر بنائیں گے ۔ کجریوال نے حکمرانی سے متعلق مسائل کی یکسوئی کے لئے جن کی وجہ سے عام آدمی پارٹی حکومت اور لفیٹیننٹ گورنر نجیب جنگ کے مابین ٹھن گئی ہے ، مودی سے ملاقات کی ۔ کجریوال نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ دہلی پولیس حکومت دہلی کے ساتھ جنگ لڑ رہی ہے ۔ یہ امر جمہوریت کے لئے نقصاندہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر دہلی پولیس جو ان کی حکو مت کے نہیں بلکہ نجیب جنگ کے تابع ہے ، خود مسائل پیدا کرے تو جرائم کی شرح میں اضافہ ہی ہوگا ۔ انہوں نے واضح طور پر جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب بھی ان کی حکومت کوئی احکام جاری کرتی ہے نجیب جنگ انہیں کالعدم قرار دیتے ہیں ۔ انہوں نے یاددہانی کرائی کی مودی خود گجرات کے چیف منسٹر رہے ہیں اور جاننا چاہا کہ انہیں کتنی مرتبہ ریاستی گورنر سے مسائل کا سامنا کرنا پڑا ۔ جب کہ مرکز میں کانگریس، برسر اقتدار تھی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہلی نے فروری میں بر سر اقتدار آنے کے بعد اندرون تین ماہ اینٹی کرپشن برانچ کے ذڑیعہ کرپشن پر قابو پایا لیکن8جون کو ایک بد عنوان پولیس عہدیدار کو اینٹی کرپشن برانچ کا سربراہ مقرر کیا گیا اور اس نے نیم فوجی فورسس کی مدد سے اختیارات حاصل کرلئے ۔ کجریوال نے کہا کہ وزیر اعظم کو ہمارے ساتھ تعاون کرنا چاہئے ۔ ان کی حکومت، مودی کی سوچھ بھارت اور ڈیجیٹل انڈیا مہم کو دہلی میں کامیاب بنائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ دو سال میں ہم دہلی کو ایک درخشان شہر بنائیں گے ، بشرطیکہ ہمیں ایسا تعاون حاصل ہو ۔ چیف منسٹر نے جن کی عام آدمی پارٹی نے فروری میں اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو دھول چٹا دی تھی ، مودی کو بتایا کہ دہلی کو درخشاں شہر بنانے کی راہ میں ہمارے سیاسی اختلافات حائل نہیں ہونے چاہئیں۔ دہلی کی ترقی کے لئے یہ ضروری ہے کہ حکومت دہلی اور مرکزی حکومت مل جل کر کام کرے ۔ کجریوال نے بتایا کہ مودی نے ان کی بات بغور سنی اور مسائل کا جائزہ لینے کا تیقن دیا ۔

Kejriwal meets PM Modi, complains against Delhi Police

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں