مجلس اتر پردیش میں رجسٹریشن کے لئے الیکشن کمیشن سے رجوع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-26

مجلس اتر پردیش میں رجسٹریشن کے لئے الیکشن کمیشن سے رجوع

لکھنو
یو این آئی
کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے اتر پردیش میں ریاستی پارٹی کی حیثیت سے اندراج کے لئے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے رجوع کیا ہے ۔ اس طرح اس نے2017کے اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرنے کے اپنے منصوبوں کو تقویت دی ہے ۔ پارٹی کے ریاستی کنوینر شوکت علی نے آج کہا کہ اے آئی ایم آئی ایم نے ریاستی پارٹی کی حیثیت سے اندراج کے لئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا ہے ۔ جیسے ہی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہوگا اسمبلی انتخابات کے لئے ہم زوروشور سے تیاریاں شروع کردیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے آئندہ چند ماہ میں منعقد ہونے والے پنچایت انتخابات کے لئے امید واروں کی جانچ پڑتال شروع کردی ہے ۔ پارٹی ریاستی انتخابات سے قبل پنچایت انتخابات کو اپنی طاقت آزمائی کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ پارٹی قائدین کا ایک اجلاس لکھنو میں اتوار کو منعقد ہوا تاکہ پنچایت انتخابات کے لئے امید واروں کے انتخاب کے لئے ضلعی سطح کی کمیٹیان تشکیل دی جائیں۔ علی نے بتایا کہ پارٹی تقریبا40اضلاع میں مقابلہ کرے گی اور صرف بندیل کھنڈ اور وارانسی میں مقابلہ نہیں کرے گی جہاں رکنیت سازی کا کام ابھی ابتدائی مرحلہ میں ہے۔ پارٹی میں پھوٹ سے متعلق افواہوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر شوکت علی نے کہا کہ ریاستی یونٹ کے عہدیداروں میں کسی بھی قسم کا اختلاف نہیں ہے ۔ یہ پارٹی کو بدنام کرنے کی کوشش ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جیسے ہی الیکشن کمیشن ایم آئی ایم کو ریاستی پارٹی کی حیثیت سے تسلیم کرلے گا۔ ریاستی یونٹ کے عہدیداروں کے تقررات کئے جائیں گے لیکن یہ تقرات پارٹی کے قومی صدر کی منظوری کے بعد ہی عمل میں آئیں گے ۔

AIMIM approaches EC for registration as state party in UP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں