داعش نے پلیمیرا کی قدیم عبادت گاہ کو دھماکہ سے اڑا دیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-25

داعش نے پلیمیرا کی قدیم عبادت گاہ کو دھماکہ سے اڑا دیا

لندن
یو این آئی
دولت اسلامیہ(داعش) نے شام کے پلمیرا شہر میں واقع قدیم عبادت گاہ کو دھماکہ سے اڑا دیا ۔ شام کے آثار قدیمہ کے سربراہ مامون عبدالکریم کا کہنا ہے کہ ان کے خدشات نے حقیقت کا روپ دھار لیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پالمیرا میں شدت پسندوں نے بارودی مواد نصب کرکے دو ہزار سال پرانی بالشامن عبادت گاہ اور اس کے گرد رومن طرز کے ستونوں کو تباہ کردیا۔ برطانیہ میں قائم سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بھی شدت پسندوں کی طرف سے اتوار کو کی گئی اس کارروائی کی تصدیق کی ۔ گزشتہ ہفتہ ہی عسکریت پسندوں نے پالمیرا کے آثار کے سابق ڈائرکٹر خالد اسد کو سرعام قتل کردیا تھا۔ وہ50سالوں سے اس نہایت حساس تاریخی ورثے کے تحفظ کے لئے کام کرتے آرہے تھے ۔ داعش نے رواں سال مئی میں پالمیرا پر قبضہ کیا تھا جس پر عالمی سطح پر تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔ شدت پسندوں کا کہنا ہے کہ یہ قدیمی آثار اور مجسمے اسلام کے منافی ہیں۔ یہ گروپ عراق میں بھی تاریخی مقامات کو نقصان پہنچا چکا ہے ۔ لیکن سرینن آبزرویٹری کا کہنا ہے کہ داعش نے فنڈز کے حصول کے لئے بہت سی نادر تاریخی اشیا ء فروخت بھی کی ہیں۔ اس کے بقول وڈیوز میں جن مجسموں اور نوادرات کو تباہ کرتے دکھایا گیا ہے ان میں سے بعض جعلی تھے ۔ پلمیرا شہر قدیم دنیا کی سب سے اہم ترین تہذیب مراکز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے ۔ یہ عمارت پلمیرا میں مشہور رومن تھیٹر سے چند میٹر کے فاصلے پر واقع تھی۔ برطانیہ کے ایک گروپ نے پلمیرا چھوڑ کر فرار ہونے والے شہریوں سے حاصل اطلاعات اور انسانی حقوق کے شامی ادارہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ عمارت میں دھماکہ کے ایک ماہ پہلے کیا گیا تھا۔

Isis in Palmyra: Extremist fighters 'destroy ancient city temple'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں