غیر ذمہ دار میڈیا زیر کنٹرول میڈیا سے بہتر - پریس کونسل کے صدر کا تبصرہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-21

غیر ذمہ دار میڈیا زیر کنٹرول میڈیا سے بہتر - پریس کونسل کے صدر کا تبصرہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
پریس کونسل آف انڈیا ( پی سی آئی) کے صدر نشین جسٹس( ریٹائرڈ) سی کے پرساد نے آج اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ صحافیوں کو قومی مفاد کے ڈھانچہ کے اندر اپنی ناراضگی کا اظہار کرنا چاہئے ، کہا کہ غیر ذمہ دار میڈیا زیر کنٹرول میڈیا سے بہتر ہوتا ہے۔ پی سی آئی کے صدر نشین نے اس وقت ان خیالات کا اظہار کیا جب ان سے خواہش کی گئی کہ وہ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے4مشہور نیوز چینلوں کو جاری کی گئی وجہ نمائی نوٹس پر تبصرہ کریں ۔ واضح رہے کہ ان چینلوں کو1993کے ممبئی بم دھماکوں کے مجرم یعقوب میمن کی پھانسی کے بارے میں رپورتنگ کرنے پر یہ نوٹس جاری کی گئی ہے۔ پرساد نے کہا کہ پی سی آئی نے مرکزی وزارتوں بشمول وزارت داخلہ کی جانب سے حال ہی میں میڈیا کو جاری کردہ زبان بندی کے احکامات کے بارے میں چند رپورٹس کا بھی نوٹ لیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملہ میں وزارت اطلاعات و نشریات سے جواب طلب کیا گیا ہے ۔ وزارت داخلہ نے حال ہی میں احکام جاری کرتے ہوئے نارتھ بلاک میں میڈیا کے نمائندوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگادی تھی ، جس پر صحافیوں نے اعتراض کیا تھا ۔ باور کیاجاتا ہے کہ پی سی آئی کے سکریٹری نے اس معاملہ میں وزارت اطلاعات و نشریات کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے جس کے جواب کا انتظار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شخصی طور پر میری یہ رائے ہے کہ غیر ذمہ دار میڈیا زیر کنٹرول میڈیا سے بہتر ہوتا ہے ۔ تاہم انہوں نے چینلوں کو جاری کی گئی مخصوص نوٹسوں پر راست تبصرہ کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ یہ معاملہ الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھتا ہے جو کہ پی سی آئی کے دائرہ اختیار سے باہر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم جواہر لال نہرو نے بھی میڈیا کے بارے میں ایسے ہی خیالات کا اظہار کیا تھا۔

Irresponsible media better than a controlled one: PCI chief

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں