داؤد ابراہیم پاکستان میں نہیں - پاکستانی دفتر خارجہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-29

داؤد ابراہیم پاکستان میں نہیں - پاکستانی دفتر خارجہ

اسلام آباد
یو این آئی
پاکستانی دفتر خارجہ نے ہندوستان کو انتہائی مطلوب دہشت گرد اور انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی پاکستان میں موجودگی سے انکار کردیا ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان کے سلامیت کے مشیر اجیت دوول حال ہی میں پاکستان کی طرف سے منسوخ این ایس اے ملاقات میں داؤد ابراہیم کی پاکستان میں موجودگی کے معاملہ کو اٹھانا چاہتے تھے ۔ دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران بتایا کہ داؤد ابراہیم سے متعلق ہمارا مستقل موقف یہ ہے کہ وہ پاکستان میں نہیں ہے ۔ آئندہ ماہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہندوستان اور پاکستان کے وزرائے اعظم کی ملاقات کے امکان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ اس طرح کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے ۔ ویسے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت ہندوستان کے ساتھ تعلقات کا معاملہ اقوام متحدہ کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ واضح رہے کہ23اور24اگست کو ہندوستان اور پاکستان کے سلامتی کے مشیروں کی ملاقات طے تھی مگر یہ ملاقات منسوخ ہوگئی تھی ۔ ہندوستان اس ملاقات کو اوفا ملاقات میں طئے پانے والے نکات کے مطابق دہشت گردی پر مکالمے تک محدود رکھنا چاہتا تھا جب کہ پاکستان نے کشمیر کے معاملہ کو بھی زیر بحث لانے کی شرط عائد کردی تھی ۔
کراچی سے ایجنسی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب کراچی پولیس نے ہندوستانی خفیہ ایجنسی، را کے چار مبینہ ایجنٹس کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ افراد دھماکون، ٹارگٹ کلنگ اور مہاجر قومی موومنٹ(حقیقی) کے رہنما آفاق احمد پر حملوں میں ملوث رہے ہیں ۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے ایس پی نوید خواجہ نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار افراد میں عبدالجبار ظفر ٹینشن، محمد شفیق خان عرف پپو، محمد محسن خان عرف کاشف اور خالد امن عرف داد، شامل ہیں ۔ جن میں ظفر ٹینشن اور محمد شفیق واٹربورڈ میں ملازم ہیں جب کہ خالد امن کی شادی ہندوستان میں ہوئی ہے ۔

Dawood Ibrahim not in Pakistan: Pakistan foreign office

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں