ایف ٹی آئی آئی طلباء پر مرکز اپنی مرضی مسلط نہ کرے - راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-01

ایف ٹی آئی آئی طلباء پر مرکز اپنی مرضی مسلط نہ کرے - راہول گاندھی

پونے (مہاراشٹرا)
آئی اے این ایس
کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے جمعہ کے روز یہاں مرکزی حکومت سے خواہش کی کہ وہ ایف ٹی آئی آئی طلباء پر اپنی مرضی مسلط نہ کرے ۔ راہول گاندھی کے ایف ٹی آئی آئی دورہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بی جے پی کیارکنوں نے زعفرانی اور سیاہ جھنڈیوں کے ساتھ مارچ کیا اور ان کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے ان پر اس مسئلہ کو سیاسی رنگ دینے کا الزام عائد کیا ۔ تاہم گاندھی نے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا( ایف ٹی آئی آئی)کے ہڑتالی طالبہ کی حمایت جاری رکھی اور بی جے پی رکن گجیندر چوہان کی ایف ٹی آئی آئی کے چیرمین کی حیثیت سے تقرری کی مخالفت کی ۔ انہوںنے کہا کہ ان کا مطالبہ حق بجانب ہے اور حکومت کو طلباء برادری سے بات کرنی چاہئے ۔ گاندھی جو سیاہ ٹی شرٹ اور نیلی جینس میں ملبوس تھے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے بعد ذرائع ابلاغ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ بات کرتے ہیں تو اس سے حکومت کے وقار میں اضافہ ہوگا ۔ طلباء یہاں تعلیم حاصل کرنے آئے ہی، لیکن اب ان کی تعلیم متاثر ہورہی ہے ۔ میرا احساس ہے کہ حکومت کو ان سے بات کرنی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلباء کا احساس ہے کہ حکومت طلباء برادری پر اپنی مرضی مسلط کررہی ہے جس کا حل بات چیت کے ذریعہ نکالا جاسکتا ہے ۔ انہو ں نے حکومت سے استفسار کیا کہ طلباء کے احتجاج سے حکومت خود کو غیر محفوظ کیوں محسوس کررہی ہے ۔ گاندھی نے اس مسئلہ پر گزشتہ50دنوں سے احتجاج کرنے والے200سے زائد طلباء پر چند مخصوص عناصر کی جانب سے مخالف ملک اور مخالف ہندو لیبل چسپاں کرنے کی کوششوں کی مذمت کی اور ان سے یہ جاننا چاہا کہ وہ ایک ہی نظر یہ کیوں چاہتے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ یہ مسئلہ پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے ، گاندھی نے تیقن دیا کہ جب بھی ضرورت ہوگی وہ ان کی ہر ممکنہ طریقہ سے مدد کریں گے ۔ انہوں نے طلباء کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ان پر فخر ہے ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ حقیقی سوال یہ ہے کہ آپ اس مسئلہ پر کتنی شدت سے جدو جہد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں؟ میں آپ کے ساتھ جدو جہد کرنے تیار ہوں ۔ واضح رہے کہ چوہان انسٹی ٹیوٹ کا چیرمین مقرر کرنے خلاف ایف ٹی آئی آئی کے200سے زائد طلباء احتجاج کررہے ہیں ۔ انہوں نے کلاسس کا بائیکاٹ کررکھا ہے جس پر انہیں تادیبی کارروائی کی دھمکی دی گئی ہے۔ کچھ طلباء نے گاندھی کو مکتوب تحریر کر کے اس مسئلہ پر ان سے مداخلت کی خواہش کی انہوں نے نشاندہی کی کہ کس طرح حال ہی میں گاندھی کی جانب سے آئی آئی ٹی مدارس کے طلباء کاز کے حق میں آگے آنے سے گزشتہ ماہ امبیڈکر پیریار اسٹڈی سرکل پر سے تحدیدات برخاست کردی گئی تھیں جس پر آئی آئی مدارس نے پر امتناع عائد کردیا تھا۔ قبل ازیں اس انسٹی ٹیوٹ کے سابق معروف طلباء جن میں اداکار اور بالی ووڈ کی اعلیٰ ہستیاں بھی شامل ہیں، چوہان کے تقرر کے خلاف احتجاج کرنے والے طلباء کی حمایت کرچکے ہیں ۔ راہول گاندھی نے تقریبا250طلبہ سے ملاقات کی جو گزشتہ دو ماہ سے ٹی وی اداکار گجیندر چوہان کو چیر مین آف دی انسٹی ٹیوٹ گورننگ باڈی بنائے جانے پر ہڑتال کررہے ہیں ۔ طلبہ نے کانگریس کے نائب صدر کو بتایا کہ چوہان کی اہلیت اس باوقار انسٹیٹیوٹ کے چیر مین بننے کی نہیں ہے جب کہ وہ حکمراں بی جے پی کے قریبی مانے جاتے ہیں ۔ ان کی ہڑتال کی تائید کرتے ہوئے گاندھی نے بی جے پی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور اس کی مشیر آر ایس ایس مسلسل اوسط سے کم درجہ کو بڑھاوا دے رہے ہیں۔ آر ایس ایس اور اس کا نظریہ منظم طریقہ سے کم قابلیت و اہلیت کے حامل افراد کو بڑھاوا دیتے ہوئے انہیں اہم عہدوں پر نامزد کررہے ہیں ، اس طرح وہ تعلیمی نظام کے ڈھانچے کو کھوکھلا کررہے ہیں۔ ناصرف تعلیمی نظام بلکہ ہر شعبہ یہاں تک کہ بیورو کریٹس اور قانونی نظام کو بھی نہیں چھوڑ رہے ہیں ۔

At FTII, Rahul backs protesting students

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں