پی ٹی آئی
الہ آباد ہائی کورٹ کے احکام کی ستائش کرتے ہوئے جس میں حکومت اتر پردیش کو اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے کہ سرکاری خزانے سے تنخواہ لینے والے افراد اپنے بچوں کو سرکاری زیر انتظام اسکولوں میں بھیجیں ۔ جنتادل یو کے صدر شرد یادو نے آج کہا کہ اس کی وجہ سے ابتدائی اور ثانوی تعلیم کا معیار بہتر ہوگا ۔ شرد یادو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایسا کرنے سے سرکاری اسکولوں میں پرائمری اور سکنڈری تعلیم کے انحطاط پذیر معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔ جب ان عہدیداروں کے بچوں کو سرکاری اسکولوں کو بھیجا جائے گا تو اساتذہ اور تعلیم کے معیار میں خود بخود اضافہ ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ کہ ہمارے ملک کی نوے فیصد آبادی ان اسکولوں میں تعلیم حاصل کررہی ہے، اس کے باوجود ملک بھر میں ان کی حالت بہت خراب ہے ۔ واضح رہے کہ الہ آباد ہوئی کورٹ نے کل اتر پردیش کے چیف سکریٹری کو اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی تھی کہ سرکاری ملازمین، منتخبہ نمائندوں اور عدلیہ کے ارکان کے علاوہ دیگر ایسے تمام افرادجو سرکاری خزانہ یا پبلک فنڈ سے کسی قسم کا فائدہ حاصل کرتے ہیں، اپنے بچوں کو اسٹیٹ بورڈ فار سکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے چلائے جانیو الے پرائمری اسکولوں کو بھیجیں ۔ یادو نے کہا کہ اگر اس فیصلہ کو ملک بھرمیں رو بعمل لایاجاتا ہے تو اساتذہ کا وقفہ وقفہ سے تقرر کیاجائے گا اور ان کے معیار میں بھی اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں اس فیصلہ کو ملک بھر کے اسکولوں میں جلد از جلد رو بعمل لایا جانا چاہئے ۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں