ایک دوسرے کی زبان سیکھنا - ہند اور ازبکستان معیشت کی ترقی کا ضامن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-08

ایک دوسرے کی زبان سیکھنا - ہند اور ازبکستان معیشت کی ترقی کا ضامن

ماسکو
یو این آئی
ایک دوسرے کی زبان سیکھنے اور سمجھنے سے ہندوستان اور ازبکستان کے مابین باہمی معاشی معاہدے کو مزید مضبوط کرنے میں مدد ملے گی ۔ یہ بات وزیر اعظم نریندر مودی نے آج تاشقند میں انڈو لوجسٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ مودی نے کہا کہ چونکہ ملک مسلسل ترقی کررہا ہے اس لئے اس ملک کی زبان کو سیکھنا اور سمجھنا بھی بہت اہم ہوجاتا ہے ۔ مودی نے ہندوستان اور ازبکستان کے درمیان زبان اور کلچر کے مشترکہ عناصر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا کے مختلف حصوں میں عوام، ہندوستانی زبان سیکھنے میں دلچسپی لے رہے ہیں ۔ مودی اپنے ازبکستان دورے کے وسرے دن انڈو لوجسٹس ، طلبہ اور ہندوستانی کمیونٹی سے خطاب کررہے تھے ۔ یہاں تقریبا تین ہزار ہندوستانی رہتے ہیں ۔ مودی نے ہندوستان اور ازبکستان کی جانب سے ایک دوسرے کی زبان سیکھنے میں دلچسپی ظاہر کرنے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم بیرون ملک سفر کرتے ہیں ، یہاں تک کہ جب ہم اپنے وطن کا ایک بھی لفظ بولتے ہیں تو وہ اس سر زمین کے رہنے والوں کے ساتھ بہت گہرا تعلق جوڑ دیتا ہے ۔ زبان کی خوبصورتی کی وضاحت کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ زبان پانی کی طرح ہے جو اسی رنگ میں ڈھل جاتی ہے جس میں اسے ڈالا جائے ، یہ ہوا کا وہ جھونکا ہے جو جس باغ سے گزرے اسی کی خوشبو لے آتا ہے ۔ مودی نے کہا کہ گزشتہ رات میں نے صدر اسلام کریموف سے ہندی نغموں سمیت کئی موضوعات پر بات کی، مجھے تعجب ہوا کہ صدر کو بیشتر نغموں کا علم ہے ۔مودی نے مجمع سے کہا کہ صدر اور وزیر اعظم شوکت مرضیایف نے بتایا کہ یہاں ہر گاؤں میں موسیقی کے اسکول ہیں جو بیشتر ہندوستانی موسیقی میں بہت زیادہ دلچسپی کے سبب کھولے گئے ہیں ۔ مودی نے بتایا کہ میزبان صدر نے مجھ سے کہا کہ اگر ہم جنگ اور تشددسے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں موسیقی کا راستہ اختیار کرنا ہوگا ۔ اس تقریب میں ہندوستانی رقص کا پروگرام پیش کرنے پر ازبکستان کی لڑکیوں کی تعریف کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ان کی کارکردگی میں صرف پریکٹس ہی نہیں بلکہ ان کی سنجیدگی اور دلی لگاؤظاہر ہورہا تھا ۔ ازبکستان کے بعد مودی آج قازقستان کے لئے روانہ ہوگئے اور وہاں سے اوفا، روس جائیں گے جہاں برکس کانفرنس اور ایس سی او کانفرنس میں عالمی لیڈرس سے ملاقات کریں گے ۔ اس کے بعد وہ ترکمانستان، کرگستان اور تاجکستان بھی جائیں گے ۔

Learning each other’s language can drive economic growth in India, Uzbekistan: Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں