ویاپم اسکام - سپریم کورٹ میں ڈگ وجئے سنگھ اور دیگر کی درخواستوں کی کل سماعت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-08

ویاپم اسکام - سپریم کورٹ میں ڈگ وجئے سنگھ اور دیگر کی درخواستوں کی کل سماعت

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سپریم کورٹ نے آج مدھیہ پردیش کے ویاپم اسکام کی عدالت عظمیٰ کی زیر نگرانی سی بی آئی جانچ کے لئے کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ اور دیگر تین خبردار کرنے والوں کی درخواستوں کی9جولائی کو سماعت کرنے سے اتفاق کرلیا ۔ چیف جسٹس ایچ ایل دتو جسٹس ارون کمار مشرا اور امیتابھ رائے پر مشتمل بنچ نے کہا کہ ہم تمام معاملات کی ایک ساتھ یکسوئی کرسکتے ہیں ۔ 9جولائی کو اس پر غور کیاجائے گا۔ ڈگ وجئے سنگھ اور دیگر تین خبر دار کرنے والوں آشیش چترویدی ، ڈاکٹر آنند رائے اور پرشانت پاندے نے سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ اس گھوٹالے کی اس کی زیر نگرانی سی بی آئی جانچ کرائی جائیں ۔ کل وکلاء کے گروپ اور عام آدمی پارٹی قائد کمار وشواس عدالت سے رجوع ہوئے تھے اور درخواست کی تھی کہ وہ اس زبردست گھوٹالے کا نوٹ لے۔ عدالت نے ان تمام درخواستوں کی سماعت کے لئے کل9جولائی کی تاریخ مقرر کی تھی۔ وکلاء کے گروپ کی جانب سے داخل کی گئی درخواست میں گورنر مدھیہ پردیش رام نریش یادو کو اس بنیاد پر عہدے سے ہٹانے کی درخواست کی گئی تھی کہ وہ مبینہ طور پر اس بھاری اسکام پر توجہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس سے تعلق رکھنے والے45افراد کی پر اسرار انداز میں موت ہوگئی ہے ۔ قبل ازیں سپریم کورٹ نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم( ایس آئی ٹی) کو4ماہ کی مہلت دی تھی ۔ یہ ایس آئی ٹی ، اس کیس کی تحقیقات کے لئے ہائی کورٹ کے حکم کے تحت تشکیل دی گئی ہے ۔ کروڑ ہا روپے مالیتی پروفیشنل اگزام اسکام میں کئی اعلیٰ عہدیداروں اور سیاسی قائدین ملزم ہیں۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق ایڈیٹرس گلڈ آف انڈیا نے آج ٹی وی صحافی اکشئے سنگھ کی موت کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا جو مدھیہ پردیش میں ویاپم اسکام کی رپورٹنگ کے دوران پر اسرار حالات میں فوت ہوگئے ۔ ایڈیٹرس گلڈ آف انڈیا کے صدر این روی نے آج اکشے سنگھ کی پراسرار موت پر صدمہ کا اظہار کیا اور ان کے خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکام سے جرے ہوئے40سے زیادہ لوگ اپنی جان گوان چکے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی داخلی طاقت سر گرم ہیں اور ریاست میں نظم و ضبط کی صورت حال کتنی ابتر ہے۔ ریاستی پولیس اب تک اسکام کی جانچ یا اہم گواہوں اور اس سے متعلق دیگر افراد کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہیں ۔
اودئے پور سے ایجنسی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب ایک متنازعہ بیان دیتے ہوئے وزیر قانون ڈی وی سدانند گوڑا نے ویاپم اسکام کو ایک "احمقانہ معاملہ" قرار دیا اور کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اس پر تبصرہ کرنے کی ضرورت نہیں ۔ بعد ازاں انہوں نے اپنے بیان میں تبدیلی لاتے ہوئے واضح کیا کہ ان کا مطلب للت مودی معاملہ تھا۔ دیکھئے، کچھ معاملے بہت ہی سادہ اور بہت ہی احمقانہ ہوتے ہیں جس پر وزیر اعظم کو تبصرہ کرنے کی ضرورت نہیں ۔ ہمارے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ متعلقہ وزرا کے محکمے اور میری جماعت ( بی جے پی) کے صدر امیت شاہ ہر معاملے کے جوابات دے رہے ہیں ۔ ہر ایک معمولی اور احمقانہ معاملے کے لئے وزیر اعظم جوابدہ نہیں ۔ انہوں نے کہا یہ بات انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہی جب کہ ان سے پوچھا گیا کہ اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم سے اس معاملہ پر اپنا بیان دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی ٹی اس معاملہ کی جانچ کررہی ہے۔ بلا شبہ اس معاملہ میں گزشتہ کئی مہینوں سے اموات ہوئی ہیں ۔ مجھے اس میں کوئی تامل نہیں تاہم یہ ایک ریاست کا معاملہ ہے ۔ سی بی آئی کے ذریعہ جانچ اس وقت تک نہیں کی جاسکتی جب تک کہ ریاستی حکومت اس کے لئے درخواست نہ دے ۔ تاہم کچھ ہی دیر بعد ان کے آفس سے ایک بیان جاری کیا گیا کہ وزیر قانون نے ویاپم اسکام کو سادہ یا احمقانہ نہیں کہا ۔ انہوں نے یہ الفاظ للت مودی معاملہ کے لئے استعمال کئے ۔

Vyapam Scam: Supreme Court to Hear Congress Leader Digvijaya Singh's Plea on July 9

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں