یعقوب میمن کی درخواست کی سپریم کورٹ میں پیر کو سماعت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-25

یعقوب میمن کی درخواست کی سپریم کورٹ میں پیر کو سماعت

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سپریم کورٹ نے ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں کے الزام میں سزائے موت کا سامنا کرنے والے یعقوب میمن کی درخواست کی27جولائی کو سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میمن کو30جولائی کو سزائے موت دینے کاحکومت نے فیصلہ کرلیا ہے ۔ چیف جسٹس ایچ ایل دتو نے کہا کہ انہوں نے اس درخواست کی سماعت کے لئے بنچ مقرر کردی ہے ۔ پیر کو اس کی سماعت ہوگی۔ عدالت عظمیٰ کے سینئر وکیل اندھیاروجینا نے آج یہ معاملہ عدالت میں پیش کیا جس پر چیف جسٹس نے بنچ کو ذمہ داری تفویض کرنے کی بات کہی ۔ میمن کی درخواست رحم عدالت عظمیٰ نے21جولائی کو مسترد کردی تھی جس کے بعد وہ سزائے موت پر التوا کے لئے عدالت سے رجوع ہوئے ۔ میمن نے اپنی درخواست میں کہا کہ ان کے معاملہ میں تمام قانونی راحتوں کی تکمیل نہیں کی گئی ہے اور انہوں نے ایک درخواست رحم گورنر مہاراشٹر کو پیش کی ہے۔انہوں نے عدالت عظمیٰ کی جانب سے منگل کو ان کی اصلاحی درخواست مسترد کردئیے جانے کے فوری بعد گورنر سے رحم کی اپیل کی تھی۔ اصلاحی دخواست کے استرداد کے بعد ناگپور سنٹرل جیل میں 30جولائی کو میمن کو پھانسی دینے کا امکان قوی ہوگیا ۔ 12مارچ1993کو ممبئی کے طول و عرض میں تقریبا 12دھماکے ہوئے جس میں کم از کم257افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔ ان دھماکوں کے ذریعہ ممبئی اسٹاک ایکسچینج کے بشمول اہم اور پرہجوم مقامات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ سی بی آئی کے مطابق میمن کے بھائی ٹائیگر میمن اور انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم حملہ کے اصل سازشی تھے جنہوں نے1992بابری مسجد کی شہادت کا انتقام لینے یہ دھماکے کئے ۔ دونوں ہی ملزمین مبینہ طور پر پاکستان میں روپوش ہین ۔ یعقوب میمن واحد ملزم ہیں جنہیں اس کیس میں سزائے موت سنائی گئی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں