ٹاملناڈو ضمنی اسمبلی انتخابات - جیہ للیتا کی بھاری اکثریت سے کامیابی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-01

ٹاملناڈو ضمنی اسمبلی انتخابات - جیہ للیتا کی بھاری اکثریت سے کامیابی

چینائی
پی ٹی آئی
اے آئی اے ڈی ایم کے سربراہ و چیف منسٹر ٹاملناڈو جیہ للیتا نے آج آر کے نگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں شاندار کامیابی درج کرائی ۔ انہوں نے ایک لاکھ پچاس ہزار722ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی ۔اور اپنے قریبی حریف سی پی آئی ایم امید وار سی مہندرن اور دیگر امیدواروں کی ضمانتیں ضبط کروادیں ۔ بھاری اکثریت سے کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اور رائے دہندوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے جیہ للیتا نے کہا کہ یہ ایک تاریخی کامیابی ہے ۔ میں آپ کو یقین دلاتی ہوں کہ میں رائے دہندوں کی توقعات پر پورا اترنے بلا تکان محنت کروں گی ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے اسمبلی حلقہ میں ڈالے گئے جملہ ووٹوں میں88۔43فیصد ووٹ مجھے حاصل ہوئے ہیں اور یہ ایک تاریخی امر ہے ۔ اے آئی اے ڈی ایم کے سربراہ کو آج صبح8بجے ووٹوں کی گنتی کے آغاز سے ہی ہزاروں ووٹوں کی اکثریت حاصل تھی ۔ سترہویں راؤنڈ کے اختتام پر انہیں ایک لاکھ ساٹھ ہزار432ووٹ حاصل ہوئے جب کہ ان کے قریبی حریف مہندرن کو9710ووٹ ملے ۔ ایک لاکھ81ہزار420ووٹوں کے منجملہ2376ووٹ ان میں سے کوئی نہیں کے لئے ڈالے گئے تھے جب کہ باقی ایک لاکھ79ہزار44ووٹ امید واروں کے لئے ڈالے گئے ۔ سماجی کارکن ٹریفک راما سوامی کو صرف4590ووٹ حاصل ہوئے ۔ اے آئی اے ڈی ایم کے رکن اسمبلی پی ویٹریول نے مئی کے مہینہ میں اس حلقہ سے استعفیٰ دے دیا تھا تاکہ جیہ للیتا کے دوبارہ انتخاب کی راہ ہموار کرسکیں ۔ ویٹریول کے استعفیٰ کے سبب اس حلقہ میں دوبارہ انتخاب کرانا پڑا ہے ۔ جیہ للیتا کو چیف منسٹر بننے کے اندرون6ماہ رکن اسمبلی منتخب ہونے کے دستوری تقاضہ کی تکمیل کرنی تھی ۔ اے آئی اے ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ یہ ضمنی انتخاب آئندہ سال مقرر اسمبلی انتخابات کی تمہید ہے ۔انہوں نے اشارہ دیا کہ ان کی پارٹی ایسی ہی کامیابی دہرائے گی ۔ گورنر ٹاملناڈو کے روشیا اور مرکزی مملکتی وزیر و بی جے پی لیڈر پی رادھا کرشنن جیہ للیتا کو مبارکباد دینے والوں میں شامل تھے۔ چیف منسٹر نے رائے دہندوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے ان کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں گی ۔ انہوں نے اپنے پارٹی کارکنوں اور حلیف جماعتوں کے قائدین سے بھی اظہار تشکرکیا ۔ ان کی کامیابی کی اطلاع عام ہوتے ہی سینئر اے آئی اے ڈی ایم کے قائدین بشمول سابق چیف منسٹر اوپینیر سلوم جشن منانے لگے ۔ انہیں مٹھائیاں تقسیم کرتے دیکھا گیا ۔ ضلع ترچراپلی کے سری رنگم حلقہ میں جہاں سے انہوں نے گزشتہ مرتبہ کامیابی حاصل کی تھی، پارٹی کارکنوں نے رقص اور آتش بازی کرتے ہوئے ان کی جیت کا جشن منایا ۔ یہاں مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں ۔ آر کے نگر حلقہ میں پارٹی کارکنوں نے ایم جی آر اور جیہ للیتا کی مقبول فلموں کی گیت بجاتے ہوئے جشن منایا۔

Tamil Nadu CM Jayalalithaa scores landslide win, ruling parties win all 6 seats in 5 states

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں