تحریک طالبان پاکستان کی سری سری شنکر کو موت کی دھمکی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-19

تحریک طالبان پاکستان کی سری سری شنکر کو موت کی دھمکی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مرکز نے تمام ریاستی حکومتوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ"آرٹ آف لیونگ" (جینے کے سلیقے) کے سربراہ سری سری روی شنکر کا تحفظ ہر اس ریاست میں یقینی بنائیں جہاں کہیں ان کا دورہ ہو کیونکہ انہیں جہادی عسکریت پسند گروپس کی جانب سے موت کی دھمکیاں موصول ہورہی ہیں ۔ ایک مواصلاتی بیان میں وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں سے کہا کہ مشرق وسطی کا دہشت گرد گروپ آئی ایس آئی ایس(داعش) اور پاکستان میں قائم تحریک طالبان پاکستان( ٹی ٹی پی)کی جانب سے سری سری روی شنکر کو موت کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ اس سال مارچ میں ہوئے ملیشیائی دورہ کے موقع پر بھی انہیں داعش کی جانب سے موت کی دھمکیاں موصول ہوئیں ۔ گرو کی قیامگاہ ہوٹل جین کے منتظم کو ایک مکتوب موصول ہوا جس میں اس گروپ نے دھمکی دی کہ اگر گرو کو ہندو پرچارک امور کی اجازت دی گئی تو ہوٹل کو مسمار کردیاجائے گا ۔ مکتوب میں اس بات کا الزام عائد کیا گیا کہ خود کو غیر مذہبی کارکن گرداننے والے گرو کی تنظیم آرٹ آف لیونگ کی جانب سے ایران اور عراق کی عوام کو ہندو مذہب میں تبدیل کیاجارہا ہے اور یہ اسلامی امور میں مداخلت ہے ۔ نیز وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں موجود اس تنظیم کے ایک مرکز کو طالبان نے نذر آتش کردیا تھا اور انہیں جان سے مار دینے کی دھمکی دی۔ خیال رہے کہ سری سری روی شنکر نے2012ء میں پاکستان کا دورہ کرتے ہوئے اسلام آباد کے مضافات میں اپنی تنظیم کا مرکز قائم کیا تھا ۔ اس دوران انہوں نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کی بھی پیش کش کی تھی تاکہ علاقہ کے امن و امان کی بحالی کو یقینی بنایاجائے ۔

Sri Sri Ravi Shankar gets threat from Tehreek-e-Taliban

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں