وزیراعظم مودی نے غریبوں کی توہین کی ہے - کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-05

وزیراعظم مودی نے غریبوں کی توہین کی ہے - کانگریس

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ایس ای سی سی کی رپورٹ میں دیہی ہندوستان کی مایوس کن تصویر پیش کئے جانے کے ساتھ ہی کانگریس نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر حملوں میں شدت پیدا کردی اور انہوں غریبوں کی تحقیر کا مورد الزام ٹھہرایا ۔ پارٹی نے کہا کہ سوٹ بوٹ کی سرکاری صرف دولت مندوں پر مرکوز ہے ۔ پارٹی ترجمان راجیو گوڑا نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ این ڈی اے حکومت یونیسیف کے اعدا د و شمار کو چھپا رہی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مودی کا حکمرانی کا گجرات ماڈل غریبوں کے لئے تباہ کن ثابت ہوا ہے ۔ پارٹی ترجمان راجیو گوڑانے یہ بھی کہا کہ سماجی ، معاشی و ذات پات کے اعداد و شمار( ایس ای سی سی2011) کی اجرائی کا طویل عرصہ سے انتظار کیا جارہا تھا اور اس سے انکشاف ہوا ہے کہ دیہی ہندوستان میں بہت کام کیاجانا ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں کانگریس کی حکومتوں نے دیہی ہندوستان کو تبدیل کرنے کی زبردست کوششیں کی ہیں اور سبز انقلاب ، سفید انقلاب اور ایم جی این آر ای جی اے(مہاتما گاندھی قومی دیہی ضمانت روزگار) جیسے پروگرام متعارف کرائے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس کے برعکس این ڈی اے کے بر سر اقتدار آنے کے بعد ہم نے مودی کو لوک سبھا میں ایم جی این آر ای جی اے جیسی اسکیمات کا مذاق اڑاتے ہوئے دیکھا ۔ انہوں (مودی) نے اسے یوپی اے اور کانگریس کی ناکامیوں کی یادگار قرار دیا تھا۔ غریبوں کی تحقیر کی تھی ۔ انہوں نے اس تاریخی پروگرام کا مضحکہ اڑایا تھا جس کے ذریعہ دیہی ہندوستان کے غریب ترین افراد کے سماجی تحفظ کا جال بنا گیا تھا ۔ گوڑا نے کہا کہ اس کے بعد غریبوں کی مودی کی جانب سے توہین کو دیکھتے ہوئے این ڈی اے حکومت نے ایم جی این آر ای جی اے فنڈ جاری نہیں کیا۔ مختلف پروگراموں کو ختم کردینے کی کوشش کی جن سے دیہی ہندوستان کے عوام کو فائدہ پہنچ سکتا تھا۔ سوٹ بوٹ کی سرکار صرف امیروں اور دولت مندوں پر توجہ مرکوز کررہی ہے ۔ وہ ہندوستان کے عوام پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے جنہیں مدد کی سخت ضرورت ہے ۔
بھرت پور سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب اے آئی سی سی جنرل سکریٹری گرود اس کامت نے آج مطالبہ کیا کہ چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے اور ان کے فرزند رکن پارلیمنٹ دشینت سنگھ کی سابق داغدار آئی پی ایل صدر نشین للت مودی کے ساتھ مبینہ رقمی لین دین کی سی بی آئی جانچ کرائی جائیں ۔ کانگریس قائد نے یہاں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ للت مودی کے ذریعہ لایا گیا کالا دھن راجے اور دشینت کے کھاتوں میں جمع کیا گیا اور بی جے پی کالا دھن کے مسئلہ پر خاموش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راجے ، دشینت اور مودی کے درمیان رقمی معاملتوں کی سی بی آئی جانچ کا حکم دیا گیا ۔ یہ کام انسداد منی لانڈرنگ قانون کے تحت کیا جانا چاہئے۔ کامت نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال اور راجے حکومت کی دھماکو صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے راجستھان میں وسط مدتی انتخابات کا امکان ہے، اسی لئے پارٹی کارکنوں کو انتخابات کے لئے تیار ہوجانا چاہئے اور بی جے پی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہئے جو گلے تک کرپشن میں دھنس چکی ہے ۔ راجستھان میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ دھول پور سٹی پالیس سرکاری اراضی تھی ۔ راجے اور ان کے لڑکے کا اس پر کوئی حق نہیں ۔ بی جے پی کے اس الزام کو قبول کرتے ہوئے کہ کانگریس نے اپنی میعاد کے دوران دھول پور پالیس معاملہ میں راجے اور ان کے لڑکے کے خلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں کی ، کامت نے کہا کہ یہ ہماری غلطی تھی تاہم مودی سے حاصل کیے گئے100کروڑ روپے دھول پور پیالیس میں لگائے گئے تاکہ اسے ہوٹل میں تبدیل کیا جاسکے ۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر سچن پائلٹ نے بھی پارٹی کارکنوں سے خطاب کیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کالا دھن سے متعلق اسکامس میں جن افراد کے نام سامنے آئے ہیں ، ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ، کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور کسی نے استعفیٰ نہیں دیا، کیونکہ وزیر اعظم نریندر مودی کے عزائم واضح نہیں تھے ۔ انہوںنے تبصرہ کیا کہ ایک طرف کسان خود کشی کررہے ہیں تو دوسری طرف نریندرمودی بیرونی دورے کرتے جارہے ہیں ۔
نئی دہلی سے آئی اے این ایس کی ایک اور اطلاع کے مطابق آئی پی ایل کے سابق صدر نشین للت مودی کی جانب سے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے سات لی گئی تصاویر پوسٹ کئے جانے کو اہمیت نہ دیتے ہوئے کانگریس نے آج کہا کہ مودی، بی جے پی کی مدد کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، مودی نے راہول گاندھی اور صدر کانگریس سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ وڈراکے ساتھ لی گئی اپنی چند تصاویر ٹوئٹ پر پوسٹ کی ہیں ۔ انہوں نے ٹوئٹر پر کہا کہ مجھے امید ہے کہ راہول گاندھی اور انڈین نیشنل کانگریس کے دفترکو اس بات کی خبر ہوگی کہ انہوں نے میری میزبانی سے فائدہ اٹھایا تھا ۔ وہ میرے باکس میں بیٹھے تھے ۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ تصویر کسی آئی پی ایل میچ سے لی گئی ہے جس میں بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان، ان کی شریک حیات گوری خان اور اداکارہ دپیکا پڈوکون بھی دیکھی جاسکتی ہیں ۔ تاہم کانگریس ترجمان اجئے ماکن نے مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ ان تصاویر کے ذریعہ بی جے پی کی مدد کرنے کی کوشش کرہے ہیں ۔ ماکن نے کہا کہ چھوٹا مودی بڑے مودی کی مدد کرنے کی کوشش کررہا ہے اور حکمراں جمات کی مدد کے لئے ایسی تصاویر پوسٹ کررہا ہے ، مودی نے تصاویر کے ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ ان میں کوئی ترمیم نہیں کی گئی ہے ۔

SECC data: Congress accuses Narendra Modi of having 'contempt for poor'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں