سشما سوراج کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات - تفصیلات جاننے کانگریس کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-02

سشما سوراج کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات - تفصیلات جاننے کانگریس کا مطالبہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس نے آج للت مودی گیٹ مسئلہ پر بی جے پی کے لئے مزید مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کی اور چھ مطالبات پیش کئے جن میں وزیر خارجہ سشما سوراج کی برطانوی ہائی کمشنر جیمس بیوان سے ملاقات کی تفصیلات کو منظر عام پر لانا بھی شامل ہے ۔ کانگریس نے الزام لگایا کہ اس ملاقات کے دوران انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر پر زور دیا تھا کہ وہ للت مودی کو سفری دستاویزات جاری کریں ۔ پارٹی نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی اس بات کا جواب دیں کہ آیا للت مودی نے حال ہی میں کسی مرکزی وزیر کے رشتہ دارکو ملازمت کی پیشکش کی تھی ۔ حکومت کی جانب سے تمام امور کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس کے ترجمان اعلیٰ رندیپ سرجے والا نے دعویٰ کیا کہ سشما سوراج نے خود اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ برطانوی ہائی کمشنر سے ان کی ملاقات ہوئی تھی ۔ انہوں نے نامہ نگاروں سے کہا کہ اس ملاقات کی تفصیلات درج کی گئی ہیں جس میں للت مودی کے لئے مدد مانگی گئی تھی ۔ یہ تفصیلات وزارت خارجہ کے پاس موجود ہے اور انہیں منظر عام پر لایاجانا چاہئے ۔ سرجے والا نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ سشما سوراج کی جانب سے بیوان یا برطانوی وزیر خارجہ کے ساتھ اس مسئلہ پر کوئی بھی بات چیت یا مراسلت کو منظر عام پر لایاجائے ۔انہوں نے چاہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اس بات کی وضاحت کریں کہ آیا للت مودی نے حال ہی میں کسی مرکزی وزیر کے رشتہ دار کو ملازمت کی پیشکش کی ہے اور اس ملازمت کی نوعیت کیا تھی۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ یقینا ایسی پیشکش کی گئی تھی ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ویب سائٹ پر اس کا کوئی تذکرہ نہیں ہے ، حالانکہ سرکاری امور کے قواعد کا تقاضہ ہے کہ وزرا کو ایسی کسی پیشکش کے بارے میں وزیر اعظم کو باخبر رکھنا چاہئے ۔ سشما سوراج کی برطرفی مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے وزیر اعظم کو یاد دہانی کرائی کہ کانگریس نے اس وقت اعلیٰ اصول پسندی کا مظاہرہ کیا تھا جب اس وقت کے وزیر خارجہ نٹور سنگھ اور مادھو سنہہ سولنکی کے خلاف الزامات عائد کئے گئے تھے ۔ کانگریس نے ان سے استعفیٰ طلب کرلیے تھے ۔انہوں نے کہا کہ اخلاقی اور دستوری اصولوں کا تقاضہ ہے کہ وزیر اعظم سشما سوراج اور چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے کو مستعفی ہونے کی ہدایت دیں ۔ انہوں نے وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتیا یرانی سے بھی استعفیٰ کا مطالبہ کیا جو اپنے تعلیمی کوائف کے سلسلہ میں تنازعہ میں گھر گئی ہیں۔ للت مودی کی جانب سے کانگریس قائدین کے خلاف عائد کردہ الزامات کے بارے میں سرجے والا نے کہا کہ سابق آئی پی ایل صدر نشین، سشما سوراج اور راجے کے استعفیٰ کے لئے کانگریس کے مطالبہ سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں۔
نئی دہلی سے آئی اے این ایس کی علیحدہ اطلاع کے بموجب کانگریس نے آج سشما سوراج سے سوال کیا کہ انہوںنے کتنی مرتبہ للت مودی سے ملاقات کی تھی ۔ اپوزیشن نے نریندر مودی حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ سابق آئی پی ایل صدر نشین کے ساتھ وزیر خارجہ کے تعلقات کے بارے میں سچ سامنے لائیں۔ کانگریس ترجمان سرجیو الا نے کہا کہ سشما سوراج کو ملک کے عوام کو یہ بتانا چاہئے کہ انہوں نے کتنی مرتبہ للت مودی سے ملاقات کی تھی یا پھر ان کا کوئی رکن خاندان اس مفرور ملزم کے ساتھ ربط میں رہا ہے ۔

Lalit Modi controversy: Disclose details of Sushma Swaraj-UK high commissioner meeting, demands Congress

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں