ہند و تاجکستان کا دہشت گردی کے خلاف لڑائی کا عزم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-14

ہند و تاجکستان کا دہشت گردی کے خلاف لڑائی کا عزم

دوشنبے
پی ٹی آئی
ہندوستان اور تاجکستان نے جو دونوں دہشت گردی کے اصل منبع کے قرب میں واقع ہیں ، آج اس لعنت کا مقابلہ کرنے اپنے تعاون میں مزید اضافہ کرنے کا عہد کیا اور تجارت و سرمایہ کاری کو فروغدینے کے علاوہ دفاعی تعلقات میں اضافہ کرنے سے بھی اتفاق کیا ۔ نریندر مودی اپنے آٹھ روزہ چھ قومی دورہ کے آخری مرحلہ میں تاجسکتان پہنچے ہیں جہاں انہوں نے تاجک صدر ایمان علی رحمانوف کے ساتھ وسیع تر بات چیت کی ۔ فریقین نے اپنے باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں پر پہنچانے پر زور دیا ۔ مودی کا جو کل رات کرغیزستان سے تاجک دارالحکومت پہنچے ، شاندار اور گرمجوشانہ استقبال کیا گیا جس کے بعد انہوں نے صدر رحمانوف کے ساتھ دوبدو اور وفود کی سطح کی بات چیت کی ۔ وزیر اعظم نے بات چیت اور صدر رحمانوف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے بعدبظاہر پاکستان اور افغانستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم دہشت گردی کے اصل منبع کے قرب میں رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت جب کہ دہشت گردی سے لاحق خطرہ بڑھتا جارہا ہے ۔ ہم نے اپنے تعاون میں مزید شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف لڑائی ہمیشہ سے اہم اور تعاون کا ثمر آور شعبہ رہی ہے ۔ یو این آئی کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی نے آج تاجکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کو دونوں ملکوں کے مابین اسٹریٹیجک شراکت داری کا اہم ستون قرار دیا ۔ تاجک صدر ایمان علی رحمانوف کے ساتھ بات چیت کے بعد میڈیا کو بیان دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ دونوں ملکوں نے آج اپنی دفاعی شراکت داری کو مزید گہرائی و گیرائی عطا کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ انہوں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف لڑائی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا ۔ مودی نے ارتباط کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تجارت و صنعت کی صلاحیت سے بھرپور استفادہ کے لئے یہ انتہائی اہم ہے ۔ دونوں ملکوں نے بین الاقوامی شمال جنوب ٹرانسپورٹ راہداری کو فروغ دینے سے بھی اتفاق کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر اقدامات جیسے ایران میں چاہ بہار بندرگاہ میں منصوبہ بند سرمایہ کاری اور اشک آباد معاہدہ میں شامل ہونے سے بھی کافی مدد ملے گی ، تاہم وزیر اعظم نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ دونوں ملک راست رابطہ قائم کرسکیں گے جس کے نتیجہ میں اس خطہ میں خوشحالی آئے گی۔

India, Tajikistan to intensify cooperation against terror

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں