حیدرآباد بلدی ملازمین کی ہڑتال بڑی حد تک ختم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-15

حیدرآباد بلدی ملازمین کی ہڑتال بڑی حد تک ختم

حیدرآباد
اعتماد نیوز
کمشنر و اسپیشل آفیسر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن سومیش کمار نے بتایا ہے کہ حکومت کے تیقن کے بعد18ہزار641ہڑتالی ملازمین میں سے تقریبا14ہزار ملازمین آج اپنی خدمات پر واپس آگئے ہیں ۔ مزید ملازمین بھی انہیں یقین ہے کہ ایک دن میں اپنا احتجاج ختم کردیں گے ۔ بلدیہ کے صدر دفتر میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سومیش کمار نے بتایا کہ ملازمین کے جو بھی جائز مطالبات ہیں اس پر چار دن میں عمل آوری کو یقینی بنایاجائے گا۔ ان کی تنخواہوں میں اضافہ اور ہیلت کارڈس کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ کمشنر بلدیہ نے بتایا کہ شہر کی سڑکوں پر جو کچرا جمع ہوگیا ہے اس کی مکمل نکاسی کے لئے تین تا چار دن درکار ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ آج2ہزار ٹن کچرا اٹھایا گیا ۔ سومیش کمار نے بتایا کہ ملازمین کی یونین کے قائدین کو چند سیاسی طاقتیں گمراہ کررہی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے سنجیدہ ہے ۔ سومیش کمار نے بتایا کہ رمضان المبارک کے پیش نظر پرانا شہر میں ہڑتال کی وجہ سے عوام کو جو مسائل سے گزرنا پڑا ہے اس پر انہیں افسوس ہے لیکن اب پرانا شہر میں تیزی سے کچرا اٹھایا جائے گا۔ عوام کے تعاون پر کمشنر بلدیہ نے ان سے اظہار تشکر بھی کیا ۔ اسی دوران پتہ چلا ہے کہ ہڑتالی ملازمین کی تنظیموں کے قائدین میں اختلافات ہوگئے ہیں۔ تین تا چار تنظیمیں حکومت کے تیقن پر راضی ہوگئی ہیں جب کہ اپوزیشن جماعتوں سے ملحقہ تنظیمیں احتجاج پر بضد ہیں اس لئے ملازمین میں اتحاد نہیں ہے ۔ شہر میں آج کئی مقامات پر بارش ہونے کی وجہ سے کچرے کے انبار سے مزید تعفن پھیل رہا ہے اگر کچرا ایک یا دو دن میں نہیں اٹھایا گیا تو اس کے نتائج سنگین رونما ہوسکتے ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں