سماجی جہدکار تیستا سیتلواد کی عمارتوں پر سی بی آئی کے دھاوے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-15

سماجی جہدکار تیستا سیتلواد کی عمارتوں پر سی بی آئی کے دھاوے

ممبئی
پی ٹی آئی
گجرات فسادات کے مظلومین کا مقدمہ لڑنے والی سماجی جہد کار تیستا سیتلواد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے چھ دن بعد سی بی آئی نے آج ان سے وابستہ4عمارتوں پر دھاوے کئے اور تلاشی لی ۔ وزارت داخلہ سے اجازت حاصل کئے بغیر بیرون ملک سے عطیات حاصل کرنے کے الزام میں ان کے خلاف قانون بیرونی عطیات قواعد( ایف سی آر اے) کی خلاف ورزی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ عدالتی وارنٹس سے لیس سی بی آئی ٹیموں نے سیتلوادان کے شوہر جاوید آنند ، ایک ساتھی غلام محمد پیش امام کی ملکیت والی عمارتوں اور سب رنگ کمیونیکیشن اینڈ پبلشنگ پرائیویٹ لمٹیڈ کی تلاشی لی ۔ 2002ء گجرات فسادات کے مظلومین کے حق میں چلائی جانیو الی مہم میں پیش پیش رہنے والی سیتلواد نے سی بی آئی کی اس کارروائی کی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی پر انہیں حیرت اور صدمہ ہے جو ایسے وقت کی گئی جب کہ انہوں نے مرکزی تحقیقاتی ایجنسی کے ساتھ مکمل تعاون کی پیشکش کی تھی ۔ سی بی آئی نے ان کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ120-Bکے تحت مجرمانہ سازش کے علاوہ ایس سی آر اے کی مختلف دفعات کے تحت8جولائی کو مقدمہ درج کیا تھا ۔ سیتلواد نے کہا کہ ہم نے مکمل تعاون کی پیش کش کرتے ہوئے سی بی آئی کو ایک مکتوب لکھا تھا اور کہا تھا کہ ہمارے خلاف جو بھی خود ساختہ جرائم کے الزامات لگائے گئے ہوں، ہم اس بارے میں تعاون کریں گے ۔ اس تیقن کے باوجود اس تمام کارروائی کی واجبیت کو سمجھنے سے ہم قاصر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ پنجرہ میں بند طوطے کی کارروائی اور سیاسی انتقام ہے اور وہ ہماری توہین کرنے اور ہمیں دھمکانے کی کوشش کررہے ہیں۔ تاہم سی بی آئی ترجمان کنچن پرساد نے کہا کہ تلاشیاں قانون کے دائرہ میں کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک سی بی آئی سے تعاون کا دعویٰ ہے وہ ایف سی آر اے کی خلاف ورزی کی وضاحت کرنے سے قاصر ہیں ۔

CBI raids Teesta Setalvad's premises in Mumbai

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں