اننت ناگ میں بھی گرینیڈ حملہ - ایک عام شہری ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-26

اننت ناگ میں بھی گرینیڈ حملہ - ایک عام شہری ہلاک

سری نگر
پی ٹی آئی، یو این آئی، آئی اے این ایس
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں عسکریت پسندوں کے گرینیڈ حملہ میں ایک عام شہری ہلاک اور دیگر6 زخمی ہوگئے جن میں ایک سی آر پی ایف جوان بھی شامل ہے۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت ہواہے جب کہ عسکریت پسندوں نے کل شہر میں موبائل مواصلاتی تنصیبات کو نشانہ بناتے ہوئے تین گرینیڈ پھینکے تھے ۔ اننت ناگ میں حملے کی تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے پولیس عہدیدار نے بتایا کہ عسکریت پسندوں نے تقریبا 2بجے اچھا بل بس اسٹینڈ پر گرینیڈ پھینکا جس کے نتیجہ میں ایک سی آر پی ایف جوان اور پانچ راہ گیر چھرے لگنے سے زخمی ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک زخمی کی سری نگر میں خصوصی علاج کے مرکز کو لے جائے جانے کے دوران موقع واقع ہوگئی ، جن کی50سالہ محمد جبار کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے ۔ گرینیڈ حملہ کا نشانہ بظاہر سیکوریٹی فورسس کا طلایہ گرد دستہ تھا لیکن بم اپنے نشانہ سے چوک گیا اورسڑک کنارے پھٹ پڑا ۔ عہدیدار نے بتایا کہ اس سارے علاقہ کو الگ تھلگ کردیا گیا اور عسکریت پسندوں کو گرفتار کرنے تلاشی مہم شروع کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوںکو ہاسپٹل لے جایا گیا ہے اور ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔ یو این آئی کے بموجب سیلولر شو رومس اور موبائل ٹاور پر گرینیڈ حملوں کے بعد جن میں د و افراد زخمی ہوگئے، سیکوریٹی فورسس اور پولیس آج گرمائی دارالحکومت میں جگہ تلاشیاں لے رہی ہیں اور عوام کی جامہ تلاشی بھی لی جارہی ہے۔ شہر میں مختلف مقامات بشمول بڈشاہ چوک، لال چوک اور سیول لائنس کے چند علاقوں میں ناکہ بندی کردی گئی ہے ۔ تمام گاڑیوں بشمول مضافاتی علاقوں سے آنے والی ٹیکسی گاڑیوں کو ناکہ بندی کے مقام پر روکا جارہا ہے اور تمام مسافروں کی جامہ تلاشی لی جارہی ہے ۔ ان کے شناختی کارڈوں کی جانچ پڑتال بھی کی جارہی ہے ۔ دیگر خانگی گاڑیوں کی بھی تلاشی لی جارہی ہے اور ان میں سفرکرنے والوں سے سوالات کیے جارہے ہیں اور ان کی جامہ تلاشی لی جارہی ہے ۔ اسی طرح شہر کے مختلف مقامات پر تین پہیہ اور دو پہیہ گاڑیوں کی بھی تلاشی لی جارہی ہے ۔ سیکوریٹی عملہ بعض مقامات پر راہ گیروں کی بھی تلاشی لے رہا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ہم نے یوم آزادی کے موقع پر گڑ بڑ پیدا کرنے کے مقصد سے شہر میں اسلحہ و گولہ بارود لانے کی کوشش کو ناکام بنانے گاڑیوں کی تلاشی کا حکم دیا ہے ۔
آئی اے این ایس کے بموجب جموں و کشمیر کے راجوری ٹاؤن میں قرآنی آیات پر مشتمل پرچم جلانے کے خلاف تاجرین کی ہڑتال کے سبب آج عام زندگی متاثر ہوگئی ۔ سری نگر میں دکانات اور تجارتی ادارے بند رہے ، البتہ چند خانگی اور سرکاری گاڑیاں چل رہی تھیں ۔ سرکاری دفاتر ، بینکوں اور پوسٹ آفسوں میں معمول سے کم حاضری درج کی گئی۔ تاجریننے آئی ایس آئی ایس کے پرچم نذر آتش کیے جانے کے خلاف اس ہڑتال کی اپیل کی تھی ۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ اور اعتدال پسند حریت کانفرنس نے اس ہڑتال کی تائید کی تھی۔

Grenade Attack in South Kashmir's Anantnag

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں