تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے فرانس کا غور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-02

تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے فرانس کا غور

حیدرآباد
اعتماز نیوز
وزیر صنعت جئے کرشنا راؤ نے آج سکریٹریٹ میں فرانس کے44رکنی صنعتی اعلیٰ سطحی وفد کا استعمال کیا اور ریاستی حکومت کی جانب سے تلنگانہ میں صنعتوں کے قیام کے سلسلہ میں ترغیبات اور دیگر سہولتوں سے انہیں تفصیلی طور پر واقف کروایا ۔ فرانسیسی وفد میں سفیر فرانس متعینہ ہند فرینکوئزریچر اور فرانس کے نمائندے خصوصی برائے معاشی تعلقات متعینہ ہند پال ہرمیلن کے علاوہ مختلف سرکردہ کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے ۔ وزیر صنعت نے فرانسیسی وفد کو بتایا کہ ریاست تلنگانہ کو سنہری ریاست میں تبدیل کرنے کے لئے حکومت نے ایک بہترین صنعتی پالیسی تیار کی ہے جس کے ذریعہ سرمایہ کاروں کو سنگل ونڈوکے ذریعہ اندرون15دن تمام درکار اجازت نامہ فراہم کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ جغرافیائی اور موسمی حالات کے اعتبار سے حیدرآباد ملک کا بہترین شہر ہے جہاں پر سرمایہ کاری بھی محفوظ ہے۔ شہر میں دنیا کی سر کردہ کمپنیاں جیسے ویپرو ، انفوسس مائیکرو سافٹ ، ٹی سی ایس کے علاوہ سر کردہ فارما کمپنیاں یہاں موجود ہیں ۔ وزیر موصوف کی جانب سے تفصیلات کی پیشکشی کے بعد سفیر فرانس متعینہ ہند فرینکوئز نے کہا کہ مختلف شعبوں میں معاشی ترقی اور اشتراک و تعاون کے امکانات پر غور کیاجارہا ہے ۔ انہوں ںے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ میں بہترین سرمایہ کاری کی جائے گی جس کے لئے یہاں مواقع دستیاب ہیں۔ وفد میں ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ سسٹم کمپنیوں کے نمائندے، برقی پیداوار کی کمپنیوں ، شہری انفراسٹرکچر آئی ٹی، کمیونیکیشن ہاؤزنگ کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے ۔ یہ نمائندے تفصیلی طور پر مختلف محکمہ جات کا بھی دورہ کریں گے ۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے فرانسیسی وفد کا خیر مقدم کیا۔

France to step up investments in TS

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں