دہلی میں 15 بچوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کرنے والا مجرم گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-20

دہلی میں 15 بچوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کرنے والا مجرم گرفتار

نئی دہلی
آئی اے این ایس
نتھاری قتل کے ہولناک واقعہ کی یاد کو تازہ کرتے ہوئے دہلی پولیس نے2008سے کم از کم15بچوں کی عصمت ریزی کرتے ہوئے قتل کرنے والے جنوب دہلی کے ایک شخص کو گرفتار کرلیا، پولیس نے اتوار کے دن یہ بات کہی۔ اس شخص کے تازہ جرم میں چند یوم قبل ایک6سالہ لڑکی کا قتل شامل ہے۔24سالہ رویندر کمار نامی شخص کو16جولائی کے دن جنوب دہلی کے بیگم پور علاقہ میں ایک چھ سالہ لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس وکرمجیت سنگھ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ 14جولائی کو ہمیں بیگم پور کی کمسن لڑکی کی گمشدگی کی شکایت موصول ہوئی اور16جولائی کو تحقیقات کے بعد رویندر کمار کو گرفتار کیا گیا ۔ دوران تفتیش اس نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ اس نے2008سے کم از کم دیگر14بچوں کی عصمت ریزی اور قتل کا ارتکاب کیا ہے۔ اتر پردیش کے کاسگنی ضلع سے تعلق رکھنے والا رویندر کمار ، دہلی کے کارالا گاؤں میں رہتا ہے ۔ ڈی سی پی نے کہا کہ یہ شخص ذہنی طور پر بد چلنی اور فحاشی کی راہ پر چلنے والا محسوس ہوتا ہے ۔ گرفتاری کے وقت اس کی ذہنی حالت بالکل معمول پر تھی ۔ ضرورت پڑنے پراس کے نفسیاتی تجزیوں کے ساتھ دماغی جانچ بھی کی جائے گی ۔ بیشتر متاثرین کا تعلق بیگم پور ، کنجوالا ، سمائے پور بدلی، مونڈ کا اور وجے وہار جیسے دہلی کے مضافاتی علاقوں سے ہے ۔ پولیس عہدیدار کا کہنا ہے کہ اس واقعہ سے نوئیڈا کے2005-6کے نتھاری قتل کیس کی یادیں تازہ ہوجاتی ہیں جس میں سریندر گولی کی جانب سے متعدد جوان لڑکیوں کو غائب کرتے ہوئے قتل کردیا گیا ۔دوران تفتیش ، رویندر کمار نے پولیس کو بتایا کہ وہ لڑکیوں اور لڑکوں دونوں ہی کو ٹافیاں یا پیسہ کا لالچ دلا کر ویران مقامات پر لے جاکر عصمت ریزی کرنے کے بعد قتل کردیتا اور ان کی نعشوں کو نالوں میں ڈال دیتا یا میدانوں میں دفن کردیتا ۔ ڈی سی پی کے مطابق دوران تلاش ایک بے آباد مکان میں لڑکی کی نعش دستیاب ہوئی۔ پولیس کو ایک دیگر کیس کے سلسلہ میں سنی نامی شخص کا ڈرائیونگ لائسنس ملا جس نے پوچھ تاچھ کے دوران بتایا کہ اس کی موٹر سائیل اور لائسنس چھیننے کی وجہ سے حال ہی میں رویندر کمار سے لڑائی ہوئی تھی ۔ ہم نے جال بچھاتے ہوئے اس شخص کو گرفتار کرلیا جس نے پوچھ تاچھ کے دوران اس بات کا انکشاف کیا کہ اس نے قبل ازیں متعدد بچوں کی عصمت ریزی اور قتل کا ارتکاب کیا ہے۔ گزشتہ سال رویندر کمار کو بیگم پور کے ایک کمسن لڑکے کے ساتھ جنسی ہراسانی کرنے کے بعد اس کا گلا کانٹنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم پولیس کی جانب سے لڑکے کو بچا لیا گیا تھا۔

Rape and murder of 15 children: Delhi serial murderer was caught

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں