کانگریس اراضی بل کو پارلیمنٹ میں ناکام بنائے گی - راہول - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-19

کانگریس اراضی بل کو پارلیمنٹ میں ناکام بنائے گی - راہول

جئے پور
پی ٹی آئی
کانگریس قائد راہول گاندھی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر اپنی تنقیدوں میں شدت پیدا کرتے ہوئے عہد کیا کہ ان کی پارٹی حصول اراضی بل کو شکست سے ہمکنار کرے گی اگر یہ مانسون اجلاس کے دوران منظوری کے لئے پارلیمنٹ میں پیش کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے وزیر اعظم پر طعنہ بھی کسا اور کہا کہ عوام6ماہ میں ان کے56انچ کے سینہ میں5۔6انچ کا کردیں گے ۔ انہوں نے راجستھان کی وسندھرا راجے حکومت کو بھی طعنے دئیے اور اسے للت مودی سرکار قرار دیا۔ کانگریس کے نائب صدر نے ایک ایسے وقت یہ تبصرہ کیا ہے جب کہ حکومت پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں جس کا آئندہ ہفتہ سے آغاز ہورہا ہے ،متنازعہ حصول ارضی بل پیش کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے ۔ راہول گاندھی نے یہاں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اراضی بل کو پارلیمنٹ میں منظور ہونے نہیں دیں گے اگرچہ کہ مودی حکومت نے قبل ازیں اس ضمن میں3آرڈیننس جاری کئے ہیں ۔ راہول نے کہا کہ پہلی مرتبہ ایک ایسی حکومت بر سر اقتدار آئی ہے جو اپوزیشن کی مدد کررہی ہے ۔ انہیں جب بھی موقع ملا حکومت نے کانگریس کی مدد کی ہے ۔ کسانوں کے مسئلہ پر انہوں نے تین مرتبہ آرڈیننس جاری کئے ہیں ۔ ہم اراضی بل کو پارلیمنٹ میں منظور نہیں ہونے دیں گے ۔ ایک انچ اراضی بھی نہیں دی جائے گی ۔ راہول نے لوک سبھا کی انتخابی مہم کے دوران وزیر اعظم کے56انچ کا سینہ ریمارک کے حوالہ سے طعنہ دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ6ماہ میں56انچ کا سینہ گھٹ کر5۔6انچ کا ہوجائے گا اور یہ کام کون کرے گا آپ دیکھیں گے کہ کانگریس پارٹی ملک کے عوام کسان اور مزدور یہ کام انجام دیں گے ۔ کانگریس کے نائب صدر نے راجے حکومت کا ماقبل آزادی دور کی انگریزوں کی حکومت سے تقابل کیا جب کہ حکومت کا ریموٹ لندن میں ہوا کرتاتھا۔ وہ بظاہر سابق آئی پی ایل صدر نشین للت مودی کا حوالہ دے رہے تھے جو وسندھرا راجے کے ساتھ قریبی تعلقات رکھتے تھے ۔ راہول نے الزام عائد کیا کہ جس طرح اس حکومت کا ریمورٹ لندن میں ہوا کرتا تھا اسی طرح اس حکومت کا ریموٹ کنٹرول بھی لندن میں ہے ۔ جب وہ وہاں بٹن دباتے ہیں تو یہاں وہ(وسندھرا راجے) اچھلتی ہیں۔ چیف منسٹر پر ایک ایسے مفرور ملزم کی مددکا الزام عائد کرتے ہوئے جس نے ڈھیروں کا لا دھن جمع کررکھا ہے انہوں نے کہا کہ راجے نے ایک مفرور ملزم اور ایک بدعنوان شخص کی مدد کرتے ہوئے جس نے کالا دھن جمع کیا ہے ہندوستانی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے ۔ یہاں وسندھرا حکومت نہیں ہے بلکہ للت مودی حکومت ہے۔ راجستھان میں ہر شخص اس بات سے واقف ہے کہ یہ بی جے پی یا وسندھراراجے کی حکومت نہیں بلکہ للت مودی کی حکومت ہے ۔

Congress Will Defeat Land Bill in Parliament: Rahul Gandhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں