بچہ مزدوری قانون کو کمزور کرنے مرکزی حکومت کوشاں - عام آدمی پارٹی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-21

بچہ مزدوری قانون کو کمزور کرنے مرکزی حکومت کوشاں - عام آدمی پارٹی

نئی دہلی
یو این آئی
دہلی کے وزیر بہبود اطفال و خواتین سندیپ کمار نے مبینہ طور پر مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ مرکز بچہ مزدوری کے قانون کو کمزور کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔ دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا میں گارمنٹ انڈسٹری میں بچہ مزدوری کے عنوان پر منعقدہ ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے سندیپ کمار نے کہا کہ ایک طرف ہم بچوں کی تعلیم یافتہ بنانے اور ان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی کوشش کررہے ہیں تو دوسری طرف مرکزی حکومت بچہ مزدوریکے قانون میں ترمیم کرتے ہوئے اسے کمزور کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات یاد رکھنے کے قابل ہے کہ مرکزی کابینہ نے13مئی کو منعقدہ اپنے اجلاس میں14سال سے کم عمر کے بچوں کو خاندانی پیشہ یا انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں کام کرنے کی اجازت دینے کے لئے قانون میں ترمیم کی منظوری دے دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معمار دستور بی آر امبیڈ کر نے آئین کی آرٹیکل23اور24کے ذریعہ میں بچوں کے مستقبل کو محفوظ کرنے کے اقدامات کئے تھے ۔ کمار نے ریمارک کیاکہ کوئی بھی بچوں سے ان کے حقوق چھیننے کی کوشش نہیں کرسکتا۔ تاہم اس مجوزہ ترمیم کی بچوں کے حقوق کے جہد کار کئی تنظیموں نے اس کی یہ کہتے ہوئے مخالفت کی ہے کہ اس ترمیم سے بچہ مزدوری کو فروغ حاصل ہوگا۔ دہلی بی جے پی کی ترجمان مس پونم آزاد نے یو این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر مرکزی حکومت بچہ مزدوری کے قانون میں تبدیلی لانا چاہتی ہے تو اس کا مقصد بچوں کو خود انحصار کرنا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں