مزدور کے دو بچے آئی آئی ٹی امتحان میں کامیاب - تعاون کے لیے راہول گاندھی کا تیقن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-21

مزدور کے دو بچے آئی آئی ٹی امتحان میں کامیاب - تعاون کے لیے راہول گاندھی کا تیقن

کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج ان دو بھائیوں سے فون پر بات کی جنہوں نے آئی آئی ٹی کے انٹرنس ٹسٹ میں اعلیٰ درجہ میں کامیابی حاصل کی ۔ اتر پردیش کے علاقہ پرتاپ گڑھ سے تعلق رکھنے والے ایک یومیہ مزدور کے دو بیٹے18سالہ راجو اور19سالہ برجیش نے اس ہفتہ باوقار انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے مسابقتی امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ان کی کامیابی پر راہول گاندھی نے انہیں فون پر مبارکباد پیش کی اور انہیں تیقن دیا کہ ضرورت پڑنے پر وہ ہر وقت ان کی مدد کے لئے تیار ہیں۔ میڈیا رپورٹکے مطابق راہول گاندھی نے فون پر امداد کی پیشکش اس وقت کی جب انہیں پتہ چلا کہ ان بچوں کے مزدور باپ کو داخلہ فیس کے لئے ایک لاکھ روپے کی ضرورت ہے ۔ برجیش نے کہا کہ راہول گاندھی نے آج اس سے اور اس کے بھائی سے فون پر بات کی ہے۔ غربت کے باوجود آئی آئی تی میں منتخب ہونے کے لئے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی ہے ۔ ذہین و فطین بھائیوں نے کہا کہ ان کے والد معمولی مزدور ہیں اور بمشکل10-12ہزار روپے ماہانہ ہی کما پاتے ہیں مگر انہوں نے پڑھائی کا جذبہ اس قدر بھرا کہ وہ آج آئی آئی ٹی کے داخلہ امتحان میں پاس ہوسکے ہیں۔ برجیش نے کہا کہ اسے روڈکی، کھڑکپور اور گوہاٹی میں الیکٹرانکس یا کمپیوٹر سائنس ٹریڈ میں داخلہ ملنے کی امید ہے جب کہ اس کے بھائی کو دہلی، مدراس، یا کانپور میں کسی بھی ٹریڈ میں داخلہ مل جائے گا کیونکہ اسے بہتر پوائنٹس ملے ہیں ۔ ذہین بھائی نے کہا کہ پانچ بھائیوں اور ایک بہن میں وہ دوسرے نمبر پر ہے ۔ بڑا بھائی الہ آباد یونیورسٹی میں ایم ایس سی میں زیر تعلیم ہیں جب کہ ا س سے چھوٹے دو بھائی اور بہن انٹر کالج میں پڑھ رہے ہیں ۔ وہ تینوں بھی پڑھنے میں کافی اچھے ہیں ۔ برجیش کا کہنا ہے کہ تقریبا500خاندانوں والے اس گاؤن اور آس پاس میں کوئی اسکول نہیں ہے۔ اسے پڑھنے کے لئے پیدل ہی دور جانا پڑتا تھا ۔ انٹر میں بہتر نمبر آنے پر پٹنہ کی ایک نامی گرامی کوچنگ انسٹی ٹیوٹ میں دونوں بھائیوں کو داخلہ مل گیا اور دونوں ہی آئی آئی ٹی میں منتخب ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ کسی قابل بنا تو سب سے پہلے اپنے پچھڑے علاقے میں تعلیمی ادارے کھلوائیں گے تاکہ پڑھنے کے لئے یہاں کے بچوں کو دور نہ جانا پڑے ۔ اسی دوران راہول گاندھی نے مقامی کانگریسی قائدین بشمول کانگریسی رکن راجیہ سبھا پرمود تیواری اور ان کے دختر و رکن اسمبلی آرادھنا سے کہا کہ ان کی ہر ممکنہ مدد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ اپنے ایک ٹوئٹ پیام میں راہول گاندھی نے کہا کہ انہیں پرتاپ گڑھ کے جواہر نووادیاودیالیہ پر فخر ہے ۔ دریں اثناء بین الاقوامی صفائی این جی او ز سلب انٹر نیشنل نے ان طلبا کی مالی مدد کی پیشکش کی ہے ۔ حکومت اتر پردیش نے بھی ان دونوں بھائیوں کو اعزاز دینے کا اعلان کیا ہے۔ چیف منسٹر اکھلیش یادو نے میڈیا رپورٹ کے ذریعہ یہ معلوم کرنے پر کہ ان دونوں بھائیوں برجیش کماور سروج اور راجو سروج نے مالی مسائل کے باوجود کامیابی حاصل کرنے پر اعزاز دینے کا فیصلہ کیا۔ سرکاری ترجمان نے بتایا کہ چیف منسٹر نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کی حکومت ہمیشہ اس طرح کی طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتی رہی ہے ۔

Daily-wage earner's sons crack IIT, Rahul pledges support

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں