تلنگانہ حکومت کی جانب سے صنعتی پالیسی کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-13

تلنگانہ حکومت کی جانب سے صنعتی پالیسی کا اعلان

حیدرآباد
یو این آئی
ایک بڑی تقریب میں تلنگانہ حکومت نے آج یہاں اپنی پہ لی صنعتی پالیسی کا اعلان کیا۔ اس تقریب میں بڑی بڑی کارپوریٹ ہستیاں، صنعتکار اور دنیا کے20ممالک کے قاصدوں نے بھی شرکت کی ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے منعقدہ اس تقریب میں تقریبا3ہزار اعلیٰ صنعت کار اور کارپوریٹ ہستیوں کے علاوہ صنعت و حرفت کے اداروں جیسے کانفیڈریشن آف انڈین انڈسٹریز( سی آئی آئی) اورفیڈریشن آف انڈیا چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری(فکی) کے سربراہان موجود تھے۔ پالیسی کا مقصد عالم صنعت و تجارت کو یہ تیقن دینا ہے کہ ریاست اپنے تیز ترین صنعتیانہ کے لئے مکمل طور پر تیار ہے ۔ نئی پالیسی میں بڑے پراجکٹس کے لئے بر وقت یعنی اندرون دو ہفتے منظوری،کسی رکاوٹ یا اڑچجن کے بغیر سنگل ونڈو کلیئرنس کا وعدہ کیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں صنعت کو24گھنٹے اعلی معیار کی برقی سربراہی کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔ حکومت کا سب سے بڑا اثاثہ یہ ہے کہ خواہشمند صنعتکاروں کو الاٹ کرنے کے لئے حیدرآباد و اطراف و اکناف1.50لاکھ ایکڑ سے زائد اراضی148 صنعتی پارکس اور27خصوصی معاشی منطقے فوری طور پر دستیاب ہیں۔ نئی پالیسی کے تحت200کروڑ روپیوں سے زائدسرمایہ کاری کے حامل منصوبوں کو اندرون15دن اور200کروڑ سے کم سرمایہ کاری کرنے والے پراجکٹس کو30دن کے اندر منظوری مل جائے گی ۔ حکومت نے حق اطلاعات کے خطوط پر آسان منظوری کے لئے حق منظوری قانون بھی مدون کیا ہے، جس کی رو سے منظوری کرنے میں تاخیر کے ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی گنجائش ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ صنعت پراجکٹ کی منظوری کو آپریشنلائز کرنے چیف منسٹر نے قواعد اور سیلف سر ٹیفکیشن سسٹم (ٹی ایس، آئی پاس (ایکٹ 2014کا بھی اعلان کیا ہے۔ سرکاری زرائع کے مطابق ٹی ایس۔ آئی پاس ایکٹ کے سبب ملک اور بیرون ملک میں سرمایہ کاروں نے زبردست دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ تا حال11ہزار کروڑ سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہوئی ہیں اور ان تجاویز میں سے6,000ہزار کروڑ کے منصوبوں کو منظوری دے دی گئی ہے ۔

دریں اثنا پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب آئی ٹی سی لمٹیڈ تلنگانہ میں اپنے پیپر پلانٹ کی گنجائش میں توسیع اور نئے ہوٹل کے قیام کے لئے8ہزار کروڑروپے کی سرمایہ کاری کرے گی ۔ کمپنی کے چیر مین وائی سی دیو یشور نے آج یہ بات کہی ۔ دیویشور نے تلنگانہ کی نئی صنعتی پالیسی کے آغاز کے دوران کہا کہ آئی ٹی سی کی جانب سے عہد کے طور پر ہم آپ کو تیقن دیتے ہیں کہ ہم ریاست تلنگانہ میں8ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کرنے والے ہیں ۔ ہم اپنے پیپر پلانٹ کی گنجائش میں توسیع کریں گے اور حیدرآباد میں ایک نیا ہوٹل قائم کریں گے ۔ بعد ازاں پی ٹی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپر پلانت کی توسیع کے لئے ہی تقریبا4,500کروڑ سرمایہ درکار ہوگا۔

آئی اے این ایس کی ایک اور اطلاع کے بموجب موبائل فون تیار کرنے والے سلیکان موبائیلس نے جمعرات کے روز کہا کہ آئندہ ہفتہ وہ میٹر چل میں اپنے مینو فیکچرنگ یونٹ کا آغاز کرے گی۔ سرکردہ اسمارٹ فون کمپنی نے اعلان کیاکہ اس کا یہ مرکز آغاز کے لئے تیار ہے ۔ یونٹ کا آغاز چار پیداورای لائنس سے ہوگا اور بعد ازاں اپنی گنجائش میں توسیع کرے گا ۔ کمپنی نے اپنے بیان میں یہ بات کہی ۔ سیلکان نے اپنی افرادی قوت کی تربیت پر بھاری سرمایہ کاری کی ہے اور پیداوار کے لئے تیار ہے ۔چیر مین اور منیجنگ ڈائرکٹر وائی گرو نے کہا کہ ہم اولین کمپنیوں میں سے ایک ہونے پر بے حد خوش ہیں جو اپنے مینو فیکچرنگ یونٹ کے قیام کے منصوبہ کا اعلان کررہے ہیں ۔ یہ یونٹ ہماری مصنوعات کی مانگ سے نمٹنے میں ہماری صلاحیت میں بے حد اضافہ کرے گا اور حکومت ہند کی جانب سے فروغ دیے جانے والے میک ان انڈیا میں بھی حصہ ادا کرے گا۔

Telangana government unveils new industrial policy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں