سوپور ہلاکتوں میں ملوث مشتبہ عسکریت پسندوں کی شناخت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-17

سوپور ہلاکتوں میں ملوث مشتبہ عسکریت پسندوں کی شناخت

سری نگر
پی ٹی آئی
سوپور میں چند شہریوں کے حالیہ ہلاکتوں کے لئے ذمہ دار2عسکریت پسندوں کی شناخت کرلینے کادعویٰ کرتے ہوئے آج ان کی گرفتاری میں مدد کرنے والوں کے لئے نقد انعام کا اعلان کیا ۔ سوپور میں گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران4افراد کو نامعلوم بندوق برداروں نے قریب سے گولی مار کر ہلاک کردیا ان میں 3سابق عسکریت پسنداور ایک حریف کانفرنس کے سرگرم رکن تھے ۔ ان ہلاکتوں پر بڑے پیمانہ پر مظاہرے کئے جارہے ہیں اور وادی میں سخت غم و غصہ پایاجاتا ہے ۔ علیحدگی پسند قائدین نے وادی میں کل عام ہڑتال کا اعلان کیا ہے اور18جون کو چلو سو پور کا نعرہ لگایا ۔ ان کا الزام ہے کہ ان ہلاکتوں میں انٹلیجنس ایجنسیاں موجود ہں ۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ حزب المجاہدین کے حریف گروپ نے عوام کو دہشت زدہ کرنے کے مقصد سے یہ حرکت کی اور موبائل ٹاورس پر حالیہ حملوں میں بھی یہی ملوث ہیں ۔ سوپر سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق شہر کے مختلف مقامات آج بڑی تعداد میں عوام نے مظاہرے کئے اور ہلاکتوں کی مذمت کی ۔ سوپور کے ایک شہری کے مطابق کئی مقامات پر ایسے پوسٹرس چسپاں دیکھے گئے جن میں حزب المجاہدین کے عسکریت پسند عبدالقیوم نجار اور امتیاز احمد کندو کی تصاویر تھیں جنہیں ان ہلاکتوں کا ذمہ دار قرا ر دیاگیا ۔ پوسٹرس میں کہا گیا کہ اسی گروپ نے حال ہی میں دھمکی آمیز پوسٹرس چسپاں کئے تھے جس میں بالخصوص خواتین سے اسلامی لباس زیب تن کرنے کے لئے کہا گیا ہے ۔ ان پوسٹرس میں یہ بھی کہا گیا کہ عسکریت پسندوں کی گرفتاری میں سیکوریٹی فورسس کی مدد کرنے والوں کو نقد انعام سے نوازا جائے گا اور اس کا نام پوشیدہ رکھاجائے گا۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ اب تک تحقیقات سے یہ انکشاف ہوا کہ مذکورہ2عسکریت پسند ہلاکتوں اور سو پور میں گڑ بڑ کے لئے ذمہ دار ہے ۔ سوپور میں اس سال کے اوائل میں اس وقت گڑ بڑ شروع ہوئی جب ایک سیلولر کمپنی کے ٹاور کو نقصان پہنچایا گیا ۔ اس کے بعد نامعلوم بندوق برداروں نے سیلولر کمپنی کے دفتر اور شو روم پر حملہ کیا اور کاروبار بند کردینے کی دھمکی دی ۔ بعد ازاں بی ایس این ایل کے ایک ملازم کو ہلاک اور2کو زخمی کردیا گیا۔ حریت کانفرنس کے دونوں گروپوں اور دیگر علیحدگی پسند تنظیموں نے حالیہ ہلاکتوں کی سخت مذمت کی ہے اور چہار شنبہ کو ریاست گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔ چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید نے ان ہلاکتوں کی تیز رفتارتحقیقات کا حکم دیا ۔ وہ یونیفائیڈ ہیڈ کوارٹرس کے ایک اجلاس میں کل صورتحال پر غور کریں گے۔

Sopore killing suspected militants identified

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں