آئی اے این ایس / پی ٹی آئی
صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر بلند بانگ دعوے کرنے ، مبالغہ آرائی سے کام لینے ، اپنے وعدوں سے مکر جانے اور دروغ گوئی کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی زیر قیادت بی جے پی حکومت فلاحی مملکت کو ختم کرنے اور اقتدار کو مرکوز کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
کانگریس کے وزرائے اعلیٰ کی یہاں منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ کارپوریٹ شعبہ کو ٹیکس میں بھاری رعایت اور مراعات دے رہی ہے جبکہ سوشل سیکٹر پروگراموں کے لیے مختص مصارف میں بھاری کٹوتی کر رہی ہے۔ ان پروگراموں کا تعلق صحت ، تعلیم ، حفظان صحت اور دیہی سڑکوں سے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک "خطرناک دہرا کھیل" کھیلا جا رہا ہے اور خوف کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔ ایک جانب وزیراعظم اپنے آپ کو بہتر حکمرانی اور دستوری اقدار کے عظیم مسیحا کے طور پر پیش کرنا چاہتے ہیں اور دوسری طرف وہ اپنے رفقاء کو نفرت انگیز بیانات دینے اور فرقہ وارانہ دراڑ پیدا کرنے کی اجازت بھی دے رہے ہیں جس کی وجہ سے ہمارا سیکولر تانابانا تباہ ہو گیا ہے۔
سونیا گاندھی نے دعویٰ کیا کہ اقتدار کو غیر متوقع طور پر مرکوز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے روایت شکنی کی ہے اور بیرونی سرزمین پر ملک کے داخلی معاملات پر سیاست کی ہے۔ ان کے زیادہ تر بیانات بلند بانگ دعوؤں ، مبالغہ آرائیوں اور جھوٹ پر مبنی ہوتے ہیں۔ ان کے ساتھی خود ان کے انتخابی وعدوں کو "چناوی جملے" کہتے ہوئے مسترد کر رہے ہیں۔
سونیا گاندھی نے کہا کہ کانگریس نے لوک سبھا انتخابات سے یہ سبق سیکھا ہے کہ اسے اپنے رابطوں اور مارکٹنگ کی صلاحیتوں کو بہت زیادہ بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
Sonia Gandhi accuses government of failing to fulfil promises
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں