صحافی جگیندر سنگھ قتل معاملہ- سپریم کورٹ کی مرکز اور یوپی حکومت کو نوٹس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-23

صحافی جگیندر سنگھ قتل معاملہ- سپریم کورٹ کی مرکز اور یوپی حکومت کو نوٹس

نئی دہلی
پی ٹی آئی
اتر پردیش کے ضلع شاہجہاں پور میں ایک صحافی جگیندر سنگھ کے مبینہ قتل کے واقعہ کی سی بی آئی تحقیقات کروانے کی خواہش کرتے ہوئے داخل کی گئی درخواست پر سپریم کورٹ نے آج مرکز اور اتر پردیش کی حکومت کو نوٹسیں جاری کی ہیں ۔ اس واقعہ میں سماج وادی پارٹی کے ایک وزیر اور پانچ دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ جسٹس ایم وائی اقبال اور جسٹس ارون مشرا پر مشتمل بنچ نے مرکز اور دیگر فریقین کو اندرون دو ہفتے جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ۔ یہ بنچ دہلی سے کام کرنے والے صحافی ستیش جین کی جانب سے داخل کردہ مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت کررہی ہے جس میں صحافی کی موت کی عدالت کی زیر نگرانی سی بی آئی تحقیقات کروانے کی اپیل کی گئی ہے ۔ جگیندر کو مبینہ طور پر پولیس عہدیداروں نے صدر بازار علاقہ کی آواس وکاس کالونی میں اس کے مکان پر دھاوے کے دوران زندہ جلادیا ۔ یہ واقعہ یکم جون کو پیش آیا جس میں جگیندر شدیدز خمی ہوگئے اور 8جون کو زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔ اس سلسلہ میں اتر پردیش کے وزیر رام موتی سنگھ ورما اور پانچ پولیس عہدیداروں کے خلاف ایف آئی آردرج کی گئی ہے ۔ یہ صحافی لکھنو کے ایک ہسپتال میں دوران علاج چل بسا۔ جس کے بعد ان کے بیٹے رگھویندر نے ایف آئی آر درج کروائی جس میں وزیر کا نام اصل ملزم کی حیثیت سے لیا۔ ارکان خاندان کے مطابق جگیندر نے غیر قانونی کانکنی اور اراضی پر ناجائز قبضہ میں ملوث ہونے سے متعلق ورما کے خلاف بعض ثبوت فیس بک پر ڈالے تھے جس کے بعد وزیر نے چند پولیس عہدیداروں کو اس کے مکان پر بھیجا جنہوں نے جگیندر پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی۔

For UP Journalist Set on Fire, Supreme Court Issues Notice to Centre and State

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں