قصیم یونیورسٹی - زیرتعمیر عمارت گرنے کے گزشتہ ماہ حادثہ کی تحقیقات مکمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-12

قصیم یونیورسٹی - زیرتعمیر عمارت گرنے کے گزشتہ ماہ حادثہ کی تحقیقات مکمل

گورنر قصیم ریجن شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل نے کہا ہے کہ قصیم یونیورسٹی کمپلیکس کے سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کی دیت اور دیگر نقصانات کی ذمہ دار تعمیراتی کمپنی ہے ۔ جاں بحق ہونے والوں کو دیت کی ادائیگی متعلقہ کمپنی کے ذمہ ہوگی۔ سانحہ میں16افراد جاں بحق ہوئے تھے جن میں7پاکستانی تھے۔ شہزادہ فیصل بن مشعل نے الجزیرہ آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ یونیورسٹی کی زیر تعمیر عمارت کرنے کے حادثے کے فوری بعد وسیع بنیاد پر تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیاجاسکے ۔ کمیٹی کومکمل طور پر شفاف رکھا گیا تاکہ مکمل غیر جانبداری سے کام کرے ۔ تحقیقاتی کمیٹی نے جو رپورٹ پیش کی اس کے مطابق تعمیراتی کمپنی جس کے پاس کمپلیکس کی تعمیر کا ٹھیکہ تھا سانحے کی ذمہ دار ہے ۔ کمپنی نے مروجہ قوانین پر عمل نہیں کیا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ قوانین کے مطابق کمپنی پر یہ لازم تھا کہ وہ دوسرے ماہرین کی رائے لیتی اور ان پر عمل کرتی مگر کمپنی نے اس قانون کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کسی دوسرے ادارے سے رابطہ نہیں کیا جو ان کے کام کا سروے کر کے اپنی رپورٹ پیش کرتی۔ اس حوالے سے گورنر قصیم کا مزید کہنا تھا کہ کمیٹی کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق کنٹریکٹنگ کمپنی پر سانحہ کی100فیصد ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ شہزادہ فیصل بن مشعل نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سانحہ کے تمام ذمہ داروں کو اس بات کا سختی سے پابند کیاجائے گا کہ وہ اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے نقصانات کا فوری ازالہ کریں اور اس سانحہ میں جانؓق ہونے والوں کو فوری دیت ادا کی جائے ۔ نقصانات کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کمپلیکس کی زیر تعمیر عمارت گرنے سے جو مالی نقصانات کا تخمینہ لگا یا گیا ہے وہ16لاکھ ریال ہے یہ رقم جاں بحق ہونے والوں کی دیت کے علاوہ ہے جو کمپنی کو ادا کرنی ہوگی ۔ تحقیقاتی رپورٹ کے بعد متاثرہ مقام کو کھول دیا گیا ہے تاکہ کمپنی اپنا کام مکمل کرے ۔ واضح رہے گزشتہ ماہ قصیم یونیورسٹی کمپلیکس تعمیر کیاجارہا تھا جو اس وقت زمین بوس ہوگیا جب وہاں دسیوں کارکن کام کررہے تھے ۔ زیر تعمیر عمارت گرنے کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کے یونٹ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہوں نے ملبے تلے پھنسے افراد اور جاں بحق ہونے والوں کو نکالا۔ امدادی کارروائی میں2دن لگے تھے۔ زیر تعمیر عمارت کے ملبے تلے دب کر16افرادجاں بحق ہوئے تھے جن میں7پاکستانی بھی شامل تھے ۔ اس حوالے سے گورنر قصیم نے یقین دہانی کروائی ہے کہ سانحہ میں جاں بحق ہونیو الوں کے لواحقین کو دیت ادا کروائی جائے گی جب کہ کمپنی نقصان ادا کرنے کی پابند ہوگی ۔

Probe over collapse of a building under construction at Qassim University

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں