کراچی میں گرمی سے 1,200 ہلاکتیں - سندھ کے تمام دواخانوں میں ہنگامی حالت نافذ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-25

کراچی میں گرمی سے 1,200 ہلاکتیں - سندھ کے تمام دواخانوں میں ہنگامی حالت نافذ

کراچی
پی ٹی آئی
پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں جان لیوا گرمی سے مرنے والوں کی تعداد1,200سے بڑھ گئی ہے جب کہ اندرون سندھ بھی بیس سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ سندھ حکومت نے صوبہ کے تمام اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کررکھی ہے ۔ اور انتظامیہ کو متاثرین کے علاج کے لئے طبی عملے اور ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کے احکامات دئیے گئے ہیں ۔ پورے صوبہ میں چہار شنبہ کو شدید گرمی کے باعث عام تعطیل ہے اور سوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ عام تعطیل کا مقصد یہ ہے کہ لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جائے کہ وہ گھروں میں رہیں ۔ صوبائی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق گرمی کی شدید لہر کی وجہ سے منگل کو300سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ۔ کراچی میں چار دن کے دوران گرمی کی شدت سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد781تک پہنچ گئی ہے جب کہ سینکڑوں افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔ اس کے علاوہ پی ٹی وی کے مطابق صر ف ٹھٹھہ میں گرم موسم کی وجہ سے اکیس افراد ہلاک ہوئے جب کہ اندرون سندھ میں جکیب آباد ، شکار پور اور لاڑکانہ میں بھی آٹھ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ جناح اسپتا ل کے شعبہ ہنگامی امداد کی انچارج ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایاکہ جناح اسپتال میں مرنے والوں کی تعداد279ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی دس افراد کی حالت تشویشناک ہے اور ایمر جنسی اور دیگر وارڈوں میں جملہ مریضوں کی تعداد160ہے۔ دوسری جانب سول اسپتال کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مظفر حسین نے بتایا کہ سول اسپتال میں ہلاکتوں کی تعداد93ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ عباسی شہید اسپتال میں 131افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ لیاقت نیشنل اپستال میں67افراد دم توڑ گئے۔ منگل کو شہر کے درجہ حرارت میں کچھ کمی دیکھی گئی تاہم اس کے باوجود اسپتالوں میں متاثرین کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان انور کاظمی کے مطابق ہفتہ سے منطل تک سرد خانے میں پانچ سو سے زیادہ نعشیں لائی گئیں اور یہ تعداد مردہ خانے میں نعشیں رکھنے کی گنجائش سے کہیں زیادہ تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ماضی میں کبھی بھی اتنی بڑی تعداد میں نعشیں مردہ خانے میں نہیں لائی گئیں ۔

Pakistan heatwave death toll jumps to 1,200

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں