پاکستان میں گرمی کا قہر - 220 افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-23

پاکستان میں گرمی کا قہر - 220 افراد ہلاک

کراچی
یو این آئی
پاکستان کے اقتصادی دارالحکومت کراچی میں شدید گرمی سے تین دن میں تقریبا220افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ غیر سرکاری تنظیم ایدھی کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں سے شہری گھروں میں گرمی سے مرنے والوں کی نعشیں لارہے ہیں۔ ان کے پاس مزید نعشیں رکھنے کی گنجائش اب نہیں ہے ۔ سرکاری اسپتال 180افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کرچکے ہیں ۔ کراچی میں آج بھی درجہ حرارت 44ڈگری ہونے کا امکان ہے ۔ کراچی ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے ۔ ہفتہ کے روز45اور اتوار کو43ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کراچی کے شہری اتنی گرمی کے عادی نہیں ہیں ۔ یہاں تو سمندری ہوائیں گرمی کی لہر کو کم کرتی رہتی ہیں ۔ تاہم دو دن سے شہر میں چلنے والی گرم ہوائیں کسی صھرا سے آتی ہوئی محصوس ہوتی ہیں ۔ لو، حبس زدہ ماحول اور کے برقی کی غیر اعلانیہ کٹوتی نے شہریوں کو دہرے عذاب میں مبتلا کررکھاہے۔ ایدھی انتظامیہ کے مطابق دو دن کے دوران180افراد کی نعشیں سرد خانے لائی گئیں۔ مہلوکین میں بزرگوں کی تعداد زیادہ ہے، جب کہ بے گھر یا لاوارث افراد بھی اس قیامت خیز گرمی کا نشانہ بنے ۔ دوسری جانب کراچی کی اسپتالوں میں بھی ا س وقت ایمر جنسی کی صورتحال ہے ، جناح اسپتال کی ایڈیشنل ڈائرکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ اب تک100 سے زائد افرادجناح اسپتال میں جان کی بازی ہار چکے ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایسے کیسس لائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب عباسی شہید اسپتال میں20سے زائد افراد موت کی وادی میں جاچکے ہیں ، جس کی تصدیق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عمران صمدانی نے کردی ہے، لیاری جنرل اسپتال کے ترجمان نے ہیٹ اسٹروک سے نو افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے ۔ سول اسپتال اور کے پی ٹی اسپتال میں بھی ہیٹ اسٹروک کیس کی تصدیق کردی گئی ہے ۔ طبی ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک دہائی میں گرمی کی شدت سے ہونے والی یہ سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔ ادھر سندھ کے شہروں ٹھٹھہ اور تھرپار کر میں شدید گرمی اور حبس سے دو روز میں نو افراد جاں بحق ہوگئے ہں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں درجہ حرارت کم ہوسکتا ہے ۔ اس دوران کراچی یونیورسٹی نے شدید موسم کی وجہ سے امتحانات کو ایک مہینے کے لئے منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ڈاکٹروں نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دھوپ سے بچنے کے ساتھ ساتھ ہلکے ملبوسات کا استعمال کریں ۔

Pakistan heat wave leaves more than 220 dead

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں