میانمار آپریشن - ہندوستان کے نئے رویہ سے خوفزدہ لوگ بیان بازی کر رہے ہیں - وزیر دفاع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-12

میانمار آپریشن - ہندوستان کے نئے رویہ سے خوفزدہ لوگ بیان بازی کر رہے ہیں - وزیر دفاع

نئی دہلی
یو این آئی، پی ٹی آئی
وزیر دفاع منوہر پاریکر نے آج کہا کہ کہ میانمار میں شورش پسند گروپس کے خلاف ہندوستانی فوج کی سرحد پار سرجیکل کارروائی نے ملک کی سیکوریٹی صورتحال کے بارے میں پوری سوچ بدل کر رکھ دی ہے ۔ میانمار میں منگل کے دن انتہا پسندوں کے کیمپس پر فوج کی خصوصی فورسس کے حملہ کے بعد پہلی مرتبہ ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پاریکر نے پاکستان اور چین کو بھی نشانہ تنقیدبنایا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ہندوستان کے نئے رویہ سے خوفزدہ ہیں وہ بیان بازی کررہے ہیں ۔ پاریکر نے یہاں ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر سوچ میں تبدیلی آتی ہے تو کئی چیزوں میں تبدیلی آتی ہے ۔ آپ نے گزشتہ دو تین دن میں دیکھا ہوگا کہ شورش پسندوں کے خلاف ایک معمولی سی کارروائی نے ملک میں سیکوریٹی صورتحال کے بارے میں سوچ کو پوری طرح تبدیل کردیا ہے ۔ ہندوستان کی فوجی کارروائی پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے پاکستانی وزیر داخلہ نثار علی خان نے کہا ہے کہ ہندوستان، پاکستان کے ساتھ میانمار کی طرح پیش نہیں آسکتا کیوں کہ اس کی سیکوریٹی فورسس کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ دوسری طرف چین نے اپنے اخبار گلوبل ٹائمز میں اشتہار دیتے ہوئے ماہرین کے حوالہ سے کہا کہ منی پور کے دہشت گرد حملہ میں پیپلز لبریشن آرمی(چینی فوج) کے ملوثہونے کی باتیں پوری طرح احمقانہ ہیں ۔ واضح رہے کہ اس حملہ میں18فوجی ہلاک ہوئے تھے ۔ اسی دوران موصولہ پی ٹی آئی کی اطلاع کے بموجب اس کارروائی کی تفصیلات کا انکشاف کرنے سے انکار کرتے ہوئے پاریکر نے کہا کہ جو لوگ ہندوستان کے نئے رویہ سے خوفزدہ ہیں انہوں نے بیان بازی شروع کردی ہے ۔ انہوں نے فوجی کارروائی کے بارے میں میڈیا کے سوالات کا جواب دینے سے انکار کردیا۔ مرکزی مملکتی وزیر اطلاعات راجیہ وردھن راٹھورنے کل اپنے تبصرہ میں کہا تھا کہ میانمار میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی دوسرے ممالک کے لئے ایک پیام ہے ۔ راٹھورکے اس تبصرہ کو پاکستان کے لئے وارننگ کے طور دیکھا گیا تھا ۔ اس کے جواب میں پاکستانی وزیر داخلہ نثار علی خان نے کہا تھا کہ پاکستان میانمار جیسا ملک نہیں ہے ۔ پاکستان کے خلاف ناپام عزائم رکھنے والوں کو غور سے یہ بات سننی چاہئے کہ ہماری سیکوریٹی فورسس کسی بھی مہم جوئی کا مناسب جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

Myanmar operation has changed mindset, those who fear India are reacting: Manohar Parrikar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں