پاکستان بنگلہ دیش افغانستان وزرائے اعظم کو مودی کا ٹیلیفون - رمضان کی پیشگی مبارکباد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-17

پاکستان بنگلہ دیش افغانستان وزرائے اعظم کو مودی کا ٹیلیفون - رمضان کی پیشگی مبارکباد

نئی دہلی
آئی اے این ایس
وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹیلیفون پر پاکستانی، بنگلہ دیشی اور افغانی وزرائے اعظم بالترتیب نواز شریف ، شیخ حسینہ اور محمد اشرف الغنی سے استقبال رمضان کے تئیں خیر سگالی بات چیت کرتے ہوئے پیش آمدہ ماہ مقدس رمضان المبارک کے لئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ ایک سرکاری بیان میں منگل کے دن یہ بات کہی گئی ۔ نیز مودی نے اس مقدس ماہ کی عبادتوں کے دوران ان ممالک میں امن و امان، سکون و قرار اور باہمی بھائی چارگی کی امید کا اظہار کیا ۔ پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کو دئیے گئے پیغام میں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان امن و امان، دوستانہ بھائی چارگی اور تعاون کے عزم کااظہار کیا ۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کو نریندر مودی نے ٹیلی فون کیا جس دونوں وزرائے اعظم نے دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا ۔ بات چیت میں وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان سے اچھے تعلقات کی خواہش کااظہار کیا جب کہ اس موقع پر پاکستانی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قوموں کے حکمراں گھر کے سربراہ کی طرح ہوتے ہیں جو لڑائی سے بچاتے ہیں ۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو جنگ کی باتیں بھلا کر امن و آتشتی کی طرف آنا چاہئے ۔ ہمسایہ ہونے کے ناطے ہمیں مل کر امن سے رہنا چاہئے اور باہمی اختلافات کو امن کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دینا چاہئے ۔ ہند۔ پاک وزرائے اعظم کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو5منٹ تک جاری رہی جس میں نریندر مودی نے نواز شریف کو رمضان المبارک کی پیشگی مبارکباد دی اور گرفتاری پاکستانی ماہی گیر بھی رہا کرنے کا اعلان کیا۔ شیخ حسینہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنے دورہ کا ذکر کیا اور اس سے ہونے والی باہمی تعاون اور شراکت داری کو نئی صدی کا آغاز قرار دیا ۔ مودی نے افغانی صدر محمد اشرف غنی کو اس بات کا تیقن دیا کہ ان کے ملک میں امن و امان کے قیام، استحکام اور تحفظ کے تئیں ہندوستان ان کے شانہ بشانہ کھڑاہے۔

Modi speaks to Sharif, Hasina, Ghani ahead of Ramadan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں